کراچی شپ یارڈ میں پاک بحریہ کیلئے تعمیر کئے جانے والے ملجم کلاس کارویٹ کی سٹیل کاٹنے کی تقریب

0 154

 

کراچی, 15 جون 2021: پاک بحریہ کیلئے تعمیر کئے جانے والے چوتھے ملجم کلاس کارویٹ کی سٹیل کاٹنے کی تقریب کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی۔ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

یہ تقریب پاکستان نیوی کے لئے چوتھے ملجم کارویٹ کے تعمیراتی شیڈول میں ایک اہم سنگ میل کی علامت ہے۔ پاک بحریہ نے ترک کمپنی اسفات کے ساتھ چار ملجم کلاس کارویٹ جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ مکمل کر لیا ہے جن میں سے دو استنبول نیول شپ یارڈ میں تعمیر کی جا رہی ہیں جبکہ باقی دو کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تعمیر کی جا رہی ہیں۔ ان کارویٹس میں جدید ترین سطح آب، زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے ہتھیار اور سینسرلگائے جائیں گے، جو ایک جدید نیٹ ورک سینٹرک کمبیٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے مربوط ہوں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول سٹاف نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں چوتھے ملجم کلاس کارویٹ کی اسٹیل کٹنگ میرے لئے باعث مسرت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے کیونکہ اس کارویٹ کی تعمیر کے لئے وزارت دفاعی پیداوار، پاک بحریہ، کراچی شپ یارڈ اور ترک کمپنی اسفات باہمی تعاون کر رہے ہیں۔ امیر البحر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کی تقریب مشترکہ اقدار، ثقافت اور نظریات پر مبنی دوستانہ تعلقات رکھنے والے تزویراتی طور پر اتحادی ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک علامتی لمحہ ہے۔ نیول چیف نے جاری عالمی وبا کے باوجود تعمیراتی شیڈول کو پورا کرنے پر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس اور اسفات کے عزم اور لگن کا اعتراف کیا۔

‏ملجم کارویٹ کی شمولیت سے پاک بحریہ کی بحری دفاع کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ یہ جہاز روایتی اور غیر روایتی چیلنجز کے خلاف پاک بحریہ کے ردعمل اور بحر ہند کے خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے لئے اہم کردار ادا کریں گے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.