محکمہ تعلیم میں تمام بھرتیاں میرٹ اور صوبائی کابینہ کے تجویز کردہ کمیٹیوں کے ذریعے کی گئی ہیں ثانوی تعلیم حاجی محمد خان لہڑی
کو ئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے ثانوی تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ۔ محکمہ تعلیم میں تمام بھرتیاں میرٹ اور صوبائی کابینہ کے تجویز کردہ کمیٹیوں کے ذریعے کی گئی ہیں۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار بھر توں کے ا ختیارات نچلی سطح تک منتقل کی گئیں ہیں۔ جو کچھ لوگوں کو ہضم نہیں ہوپارہا ہے۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں مشیر تعلیم نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں میں من پسند افراد کی بھرتیوں کا خمیازہ آج پورا صوبہ بھگت رہا ہے۔ گزشتہ ادوار میں نہ صرف تعلیم کے شعبے کو یکسر نظر انداز کردیا گیا بلکہ من پسند اور نااہل اہلکاروں کو محکمے میں جگہ دی گئی۔ تعلیم جیسے اہم شعبے میں سفارش کلچر کو پروان چڑھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم کے حوالے سے موثر اور مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔صوبائی مشیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے تعلیمی ویژن کے مطابق محکمہ تعلیم میں اصلاحات، قانون سازی سمیت مختلف پالیسیوں پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ محکمہ تعلیم میں بہتری کیلیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ سیکرٹری تعلیم سمیت تمام عملے کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ فرائض سے غفلت اور غیرحاضری کے مرتکب ملازمین کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں بھرتی جائے۔ محمد خان لہڑی نے کہا کہ غیر حاضر اور عیوضی تنخواہ دار محکمے اور صوبے پر بوجھ ہیں۔ ان کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ وقت آگیا ہے کہ تعلیم کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ صوبے کے دور دراز علاقوں میں بھی سکولوں کے اساتذہ کی سخت نگرانی کی جارہی ہے تاکہ بچوں اور بچیوں کو گھر بیٹھے تعلیم کی سہولت سے آراستہ کیا جاسکے۔ مشیر تعلیم نے کہا کہ صوبے کے چھوٹے بڑے تمام تعلیمی اداروں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ڈی ای او صاحبان اپنے اضلاع میں سکولوں کے مؤثر اور مربوط نگرانی کو یقینی بنائیں۔