طلباء و طالبات کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت کی زمہ داری ہے ‘اس سلسلے میں موجودہ صوبائی حکومت ہر ممکن اقدام اْٹھانے کیلئے تیار ہے لیاقت شاہوانی
کوئٹہ: ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ طلباء و طالبات کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت کی زمہ داری ہے اس سلسلے میں موجودہ صوبائی حکومت ہر ممکن اقدام اْٹھانے کیلئے تیار ہے اور کسی کو بھی طلباء و طالبات کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ترجمان حکومت بلوچستان نے کہاکہ تعلیم حاصل کرنے میں طالبات کو خصوصی معاونت حاصل ہو گی کیونکہ تعلیم یافتہ خواتین معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہیں اور معاشرہ ترقی کی منزلیں آسانی سے طے کر سکتا ہے،ایک عورت کو تعلیم دینے کا مطلب پورے معاشرے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہوتا ہے،ترجمان لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں طلباء و طالبات کو معیاری تعلیم کے مواقعے فراہم کر کے صوبے میں حقیقی تبدیلی لانا چاہتی ہے تاکہ عوام کی زندگی بہتر سے بہتر بنائی جا سکے اس سلسلے میں تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔