نعیم الحق کا انتقال ،پاکستان تحریک انصاف نے 3 روزہ سوگ کا اعلان
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کی رحلت پر پاکستان تحریک انصاف نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے ا سلسلے میں آئندہ 3 روز کیلئے تمام سیاسی سرگرمیاں معطل رہیں گی ۔چیف آرگنائزر کی ہدایت پر مرکزی نائب صدر و منتظم مرکزی سیکرٹریٹ زاہد حسین کاظمی نے اعلان کردیا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کا مرکزی سیکرٹریٹ تعزیت و فاتحہ خوانی کیلئے آنے والوں کیلئے کھلا رہے گا۔زاہد حسین کاظمی نے کہاکہ نعیم الحق مرحوم کی ملک و جماعت کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔زاہد حسین کاظمی نے کہاکہ ملک بھر میں مرحوم رہنما کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا۔زاہد حسین کاظمی نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے سوگوار کارکن قیادت کے ہمراہ نعیم الحق مرحوم کی بلندء درجات کیلئے دعا کریں گے۔زاہد حسین کاظمی نے کہاکہ نماز جنازہ کی ادائیگی و تدفین کے بعد مرکزی قائدین اسلام آباد میں تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں کارکنان کے ہمراہ موجود ہوں گے۔