اسکول میں طلبہ کے درمیان شدید جھگڑا اور ہاتھا پائی
قاہرہ (ویب ڈیسک)مصر میں سوشل میڈیا پر ایک وڈیو گردش میں آ رہی ہے۔ یہ وڈیو دارالحکومت قاہرہ کے مشرق میں ایک نجی بین الاقوامی ہائی اسکول کے طلبہ کے درمیان ہونے والے شدید نوعیت کے جھگڑے کی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق وڈیو کے مناظر سے ظاہر ہوتا ہے کہ طلبہ کے ایک گروپ کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔ اس پر متعدد اساتذہ نے مداخلت کر کے جھگڑا رکوانے کی کوشش کی۔ تاہم اس کے نتیجے میں اساتذہ اور طلبہ کے درمیان لڑائی شروع ہو گئی۔
یہ صورت حال دیکھ کر اسکول کی انتظامیہ نے پولیس کو طلب کر لیا جس نے آ کر اس لڑائی کو ختم کرایا۔تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ جھگڑا ہائی اسکول کے کینٹین سے خریداری میں سبقت کی کوشش کرنے والے طلبہ کے بیچ شروع ہوا۔ اسکول کی انتظامیہ نے جھگڑے اور ہاتھا پائی میں ملوث طلبہ کی شناخت کر لی ہے۔ ساتھ ہی واقعے کی مکمل تحقیقات کرائی جا رہی ہیں تا کہ قصور وار طلبہ کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ذرائع کے مطابق جھگڑے میں ملوث طبہ کو سزا کے طور پر 3 سے 15 روز تک کے لیے کلاس سے بے دخل کیا جا سکتا ہے۔