اسپیکر قومی اسمبلی سے امریکی سفیر کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات
اسپیکر قومی اسمبلی سے امریکی سفیر کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات
اسلام آباد(ویب ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اہم ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔امریکی سفیر نے سردار ایاز صادق کو اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ واشنگٹن، پاکستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ امریکی سفیر نے پاکستان میں جمہوری عمل کی مضبوطی کے لیے اپنی حکومت کی جانب سے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی اور بین الاقوامی امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان، امریکا کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ امریکا اور پاکستان کے مابین پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پارلیمانی رابطے دونوں ممالک کے مابین عوامی اور پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔