2022-23 سیزن، ملک میں کرکٹ کی بہار خوشبو پھیلاتی رہے گی

1 209

2022-23 سیزن، ملک میں کرکٹ کی بہار خوشبو پھیلاتی رہے گی

لاہور(ویب ڈیسک) 2022-23سیزن کے دوران ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بہار خوشبو پھیلاتی رہے گی جب کہ شیڈول میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے ڈبل ٹورز شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیموں کی آئندہ 12 ماہ میں مصروفیات پر مشتمل انٹرنیشنل سیزن کی پوری ڈیٹ شیٹ جاری کردی ہے،آسٹریلوی ٹیم کی دورے کے بعد نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی آمد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بہار جوبن پر ہوگی۔

مئی 2022 سے مئی 2023 تک مختلف اوقات میں 5 ٹیمیں ٹور کریں گی، مجموعی طور پر سیزن میں 7 ٹیسٹ، 17 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل 7 میچز میں سے 2 سری لنکا، 3 انگلینڈ اور 2 نیوزی لینڈ کیخلاف شیڈول ہیں،مینز ورلڈ کپ سپر لیگ میں شامل 12 ون ڈے میچز ویسٹ انڈیز، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور نیدر لینڈز کے خلاف ہوں گے۔

اس دوران پاکستان ٹیم اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی حصہ لے گی، ان 2 ایونٹس کے علاوہ گرین شرٹس آئندہ 12 ماہ میں انگلینڈ سے 7 ، ویسٹ انڈیز3 اور نیوزی لینڈ کیخلاف 5 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلیں گے۔

انگلش ٹیم ستمبر، اکتوبر کے بعد نومبر، دسمبر میں دوبارہ پاکستان آئے گی، نیوزی لینڈ کی ٹیم دسمبر ، جنوری کے بعد آئندہ سال اپریل، مئی میں بھی پاکستانی میدانوں کی رونقیں بڑھائے گی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ویسٹ انڈین سائیڈ 3ون ڈے میچز 5 سے 12 جون تک راولپنڈی میں کھیلے گی،جولائی اور اگست میں پاکستان ٹیم دورئہ سری لنکا میں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے مقابلوں میں شریک ہوگی۔

اگست میں ہی گرین شرٹس نیدر لینڈز میں 3 ون ڈے میچز کھیلیں گے،یکم تا 17 ستمبر تک پاکستان ٹیم اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا حصہ بنے گی، ستمبر، اکتوبر میں انگلینڈ کی ٹیم پاکستان میں 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی،آسٹریلیا میں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 15 اکتوبر سے 15 نومبر تک شیڈول ہے، بعد ازاں نومبر ، دسمبر میں انگلش مینز ٹیم پاکستان میں 3 ٹیسٹ میچز کھیلنے آئے گی۔

دسمبر ، جنوری میں نیوزی لینڈ کا اسکواڈ پاکستانی میدانوں کی رونقیں بڑھاتے ہوئے 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے مقابلوں کا حصہ بنے گا، جنوری میں گرین شرٹس 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں کیریبیئنز کے میزبان ہوں گے،اپریل، مئی میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں 5 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل رہی ہوگی۔دوسری جانب قومی ویمنز ٹیم بھی 8 انٹرنیشنل سیریز میں حصہ لے گی۔

ان میں آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ، آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمزاور اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ بھی شامل ہیں، گرین شرٹس 24 مئی تا 5 جون تک کراچی میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سری لنکا کی میزبانی کریں گی،12 تا 24 جولائی پاکستان ٹیم میزبان آئرلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف بیلفاسٹ میں سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی، گرین شرٹس 25 جولائی تا 8 اگست برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں شریک ہوں گی۔

10 تا 25 ستمبر 19ویں ایشین گیمز چین کے شہر گانگزو میں شیڈول ہیں،30 اکتوبر تا 19 نومبر آئرلینڈ کی ویمنز ٹیم پہلی بار پاکستان کے دورے پر ہوگی، اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ نومبر اور دسمبر میں ہوگا، 4 جنوری تا یکم فروری پاکستان ٹیم دورئہ آسٹریلیا میں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور اتنے ہی ون ڈے میچز کھیلے گی،جنوری اور فروری میں آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور2 تا 26 فروری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جنوبی افریقہ میں ہونگے۔

You might also like
1 Comment
  1. […] ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، پاکستان نے آئرلینڈکو 70 رنز سے شکست دے دی […]

Leave A Reply

Your email address will not be published.