’شادی کب کریں گے؟‘، بابر اعظم نے اس سوال کا کیا جواب دیا؟
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر اور پی ایس ایل 10 میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کی شادی سے متعلق ایک بار پھر چہ مگوئیاں زور پکڑ گئی ہیں۔ ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں بابر اعظم کی شادی سے متعلق گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔
پوڈکاسٹ کے دوران میزبان نے بابر کو ایک فرضی صورتحال دی کہ اگر وہ ایک کمرے میں بند ہو جائیں اور صرف ایک ہی انسان ان کے ساتھ پوری زندگی کے لیے موجود ہو، تو وہ کس کا انتخاب کریں گے؟ بابر نے مسکراتے ہوئے جواب دیا: “پوری زندگی کے لیے پھر بیوی ہی ہو گی۔”
جب میزبان نے ان سے شادی کی تاریخ سے متعلق پوچھا تو بابر نے مختصر مگر معنی خیز جواب دیا: “شادی ہو جائے گی۔”
سوشل میڈیا پر یہ کلپ وائرل ہوتے ہی مداحوں کی دلچسپی میں اضافہ ہو گیا۔ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف نے تبصرہ کیا: “بابر اعظم شادی کب کر رہے ہیں؟ یہ ملین ڈالر کا سوال ہے!” جبکہ ایک اور صارف نے بابر کی انسٹاگرام پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا: “یہ جو لاہور سے محبت ہے، یہ کسی اور سے محبت ہے… لگتا ہے بابر کو پیار ہو گیا ہے۔”
یاد رہے کہ بابر اعظم اس وقت قومی ٹیم کے سب سے سینئر کنوارے کھلاڑی ہیں، اور شائقین کرکٹ کے ساتھ ساتھ سابق کرکٹرز بھی اکثر ان کی شادی سے متعلق دلچسپ تبصرے کرتے رہتے ہیں۔
حال ہی میں شاداب خان کی ایک وائرل ویڈیو نے بھی سوشل میڈیا پر خوب رنگ جمایا، جس میں انہوں نے ہنستے ہوئے کہا: “کہتے ہیں کہ عمرے پر جائیں تو خانہ کعبہ پر پہلی نظر پڑتے ہی دعا کرنی چاہیے، تو میں نے اس (بابر) کی شادی کی دعا کی۔”