پین سے تحریر شدہ کرنسی نوٹوں سے متعلق خبروں میں صداقت نہیں، اسٹیٹ بینک کی وضاحت
پین سے تحریر شدہ کرنسی نوٹوں سے متعلق خبروں میں صداقت نہیں، اسٹیٹ بینک کی وضاحت
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سوشل میڈیا اور بعض الیکٹرانک چینلز پر گردش کرنے والی اُن خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یکم جولائی 2025 سے پین کی لکھائی والے کرنسی نوٹ ناقابلِ قبول قرار دیے جائیں گے۔
اسٹیٹ بینک کے ترجمان نور احمد نے کہا ہے کہ ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور نہ ہی اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کی جانب سے کوئی اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق، کرنسی نوٹوں سے متعلق ہدایات اسٹیٹ بینک نے آخری بار 2014 میں جاری کی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرنسی نوٹ قومی اثاثہ ہیں، اور ان کی حفاظت ہر شہری کی ذمہ داری ہے، تاہم اس حوالے سے پین کی لکھائی والے نوٹوں کو مسترد کیے جانے کی افواہیں بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر ایک جعلی اطلاع گردش کر رہی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ نئے مالی سال کے آغاز پر، یعنی یکم جولائی 2025 سے، جن نوٹوں پر پین کی لکھائی ہوگی وہ ناقابلِ استعمال قرار دیے جائیں گے اور ایسے نوٹ صرف 30 جون 2025 تک اسٹیٹ بینک میں تبدیل کرائے جا سکیں گے۔ اسٹیٹ بینک نے ان تمام خبروں کو گمراہ کن اور من گھڑت قرار دیا ہے۔