بجٹ بائیکاٹ کا بڑا پلان: پی ٹی آئی کا پیپلز پارٹی سے خفیہ رابطہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی منظوری کو روکنے کے لیے اپوزیشن اتحاد کی نئی کوشش کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے رابطہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف سے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں بجٹ ووٹنگ میں بائیکاٹ پر مشترکہ لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسد قیصر نے راجہ پرویز اشرف سے کہا کہ:
“ہم نے پیپلز پارٹی کے بجٹ بائیکاٹ سے متعلق بیانات سنے ہیں، اگر پیپلز پارٹی واقعی سنجیدہ ہے تو بجٹ ووٹ بائیکاٹ میں ہمارا ساتھ دے۔”
ذرائع کا کہنا ہے کہ راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کی اس پیشکش پر کوئی حتمی جواب دینے کے بجائے کہا کہ وہ یہ تجویز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سامنے رکھیں گے، جو جلد پارلیمنٹ پہنچ رہے ہیں۔
یہ پیش رفت حکومت کے لیے ممکنہ سیاسی خطرے کی گھنٹی بن سکتی ہے، کیونکہ اپوزیشن کی متحدہ حکمت عملی بجٹ منظوری کے عمل کو مشکل بنا سکتی ہے۔