او پیز کا مقصد محفوظ و ملاوٹ سے پاک خوراک کے حوالے سے مؤثر نظام کا قیام ہے ،بی ایف اے حکام
کوئٹہ (ویب ڈیسک )بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے کوئٹہ شہر کے علاقے ایئرپورٹ روڈ پر قائم ہوٹلز،ریسٹورنٹس اور فاسٹ فوڈ کارنرز کا معائنہ کیا۔
مراکز مالکان و عملے کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی تیاری و فروخت سے متعلق بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے وضع کردہ خصوصی ایس او پیز کی کاپیاں دی گئیں جبکہ انہیں فراہم کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
مالکان کو مراکز میں کام کرنے والے تمام ملازمین کا طبی معائنہ کرانے اور ان کے میڈیکل سرٹیفکیٹس مراکز میں موجود رکھنے، عوام کو معیاری اجزاء سے تیار کردہ تازہ کھانوں کی فروخت،صفائی کے خصوصی انتظامات، تیار کھانے کو درست درجہ حرارت کی فراہمی اور انکی مناسب ہینڈلنگ سمیت بی ایف اے حکام کی دی گئیں
دیگر تمام ہدایات کے عین مطابق صارفین کو خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق بی ایف اے کے قوانین اور خصوصی ایس او پیز کا مقصد محفوظ و ملاوٹ سے پاک خوراک کے حوالے سے مؤثر نظام کا قیام ہے تاکہ لوگوں کو تازہ، محفوظ اور صحت بخش کھانے پینے کی اشیاء میسرآسکیں۔
بی ایف اے حکام نے اس موقع پرہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فاسٹ فوڈ کارنرز کے مالکان و انتظامیہ کو بتایا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے علاقے میں قائم کھانے پینے کے مراکز کی چیکنگ کا سلسلہ تسلسل سے جاری رہے گا، ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے اور ہدایات کے باوجود بہتری لانے میں ناکام ہونے والے مراکز کے خلاف آئندہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2014ء کے تحت سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی جس کے تحت مراکز کو سیل یا جرمانہ یا دونوں سزائیں ایک ساتھ دی جا سکتی ہیں۔