طالبان کو حکومت سازی کا بھر پورموقع دیا جائے، مولانا عبد الرحمن رفیق

0 291

کوئٹہ : جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق سنئیر نائب امیر مولانا خورشید احمد جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ مولانا مفتی محمد روزی خان مولانا شیخ احمد جان مولانا محمد ہاشم خیشکی مولانا محمد ایوب حافظ عبد الحق حقانی مولانا حکیم حبیب اللہ حافظ مسعود احمد سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد سیکرٹری مالیات میرسرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ مولانا حافظ سردار محمد نورزئی مولانا حافظ سراج الدین مفتی عبد الغفور مدنی حاجی ولی محمدبڑیچ اور دیگر نے کابل کی پرامن فتح پر طالبان اسلامی امارت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ روز اول سے جمعیت امریکی جارحیت کے خلاف طالبان کی سیاسی واخلاقی حمایت کرتی چلی آئی ہے، طالبان کو حکومت سازی کا بھر پورموقع دیا جائے، اے این پی سمیت بعض لوگ افغانوں کے درمیان کشت وخون کے منتظر تھے پرامن فتح نے ان کی خون خوار امیدوں پر پانی پھیر دیا وقت سے پہلے طالبان کی مخالفت بدنیتی ہے، طالبان کی اسلامی امارت افغان عوام کی امنگوں کی ترجمانی کیلئے تمام گروپوں کو ساتھ ملانے کی پالیسی نے منفی پروپیگنڈوں کو ناکام بنادیا ہے جمعیت علماء اسلام چاہتی ہے کہ افغانستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام فریقین طالبان کی قوت کو تسلیم کرتے ہوئے پالیسی تیار کریں انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھنے سے راہ فرار اختیار کرنے والے اشرف غنی اپنی ہٹ دھرمی کی وجہ سے آج فرار ہونے پر مجبور ہوا، انہوں نے کہا کہ اسلامی عقیدہ کے سامنےمادیات اور وسائل کچھ بھی نہیں ،پوری دنیا کی حمایت کے باوجود مادہ پرست امریکہ ہارکر اسلام پسند قوت کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوا یعنی واضح ہوا کہ جیت نظریے کی ہوئی افغانستان میں انسانیت کش اور وہ دردناک امریکی مظالم ہیں کہ عالم دنیا اس کو معاف نہیں کرسکتا اور ان مظالم کے متعلق کسی ڈکشنری میں مذمّت کے الفاظ نہیں ہیں لیکن بد قسمتی سے بعض نام نہاد دانشور اس کے باوجود اسلام دشمنی پگڑی داڑھی سے نفرت کی بنیاد پر امریکی غلامی کو گلے کے طوق کو اپنانے پر بضد ہیں انہوں نے کہا کہ یہ وہی امریکہ ہے جس نے نائن الیون کا بہانہ بنا کر ایک مفلوک الحال غریب ملک کو تر نوالہ سمجھ کر ہضم کرنا چاہا اور نام نہاد دہشت گردی کی جنگ کو جواز بنا کرنہتے و مظلوم شہریوں کوبربریت کا نشانہ بناڈالا ۔ ان افغانی شہریوں پر مدر بموں سے بمباری کرتے ہوئے تباہی اور بربادی کے ہولناک مناظر دہرائے گئے، آج امریکہ کا غرور خاک میں مل کر شکست وریخت سے دوچار ہوا انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس جیت کا سہرا اور کریڈٹ اکیلے طالبان کو جاتا ہے جنہوں نے پاکستان سمیت پوری دنیا کی مخالفتوں انسانی اور بشری حقوق سے محروم کیے جانے کے تنگ دائروں میں مردانہ وار مقابلہ کرکے ثابت کردیا کہ نظریہ کے سامنے مادہ اور وسائل کچھ نہیں انہوں نے کہا کہ طالبان کی جانب سے مفاہمت کی پالیسی خطے میں امن کی ضمانت ہوگی اس کو سبوتاژ کرنے والے وہ لوگ ہیں جو نہیں چاہتے کہ افغانستان میں امن ہو۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.