بھارتی کپتان شبھمن گل ہسپتال منتقل، جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سے باہر
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان شبھمن گل گردن میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کر دیے گئے ہیں اور وہ جنوبی افریقہ کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں مزید حصہ نہیں لیں گے۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہفتے کو کھیلے جانے والے میچ کے دوسرے روز، چوکا لگانے کے فوراً بعد شبھمن گل نے گردن میں درد محسوس کیا اور میدان چھوڑ دیا۔ دن کے اختتام پر انہیں طبی معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زیرِ مشاہدہ ہیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ BCCI کے مطابق شبھمن گل کی آئندہ میچز میں شرکت غیر یقینی ہے اور ان کی صحت کا جائزہ میڈیکل ٹیم مسلسل لے رہی ہے۔
دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ اتوار کو تیسرے دن ختم ہونے کے قریب ہے، جس میں جنوبی افریقہ اپنی دوسری اننگز 93 رنز پر سات کھلاڑی آؤٹ کے اسکور سے دوبارہ شروع کرے گا۔ میزبان ٹیم کو مشکل وکٹ پر صرف 63 رنز کی برتری حاصل ہے۔
شبھمن گل کی قیادت میں دوسرا ٹیسٹ میچ 22 نومبر سے گوہاٹی میں شروع ہونا ہے، تاہم گردن کی تکلیف کے باعث ان کی دستیابی ایک بڑا سوال بن گئی ہے۔