سانحہ جعفر ایکسپریس، اسلام آباد کے علاقے بنی گالا سے بڑی گرفتاری
ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران اسلام آباد کے علاقے بنی گالا سے ایک اہم ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق اسلام آباد کے علاقے بنی گالا سے گرفتار ملزم ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم کا مرتکب ہوا۔ ملزم نے سانحہ جعفر ایکسپریس کے دوران ریاستی اداروں کے خلاف منفی پراپیگنڈا اور تضحیک آمیز مواد شیئر کیا۔ علاوہ ازیں ملزم سوشل میڈیا پر کالعدم تنظیموں کی حمایت اور تشہیر میں ملوث پایا گیا جبکہ ملزم دہشتگردوں کے حق میں اشتعال انگیز بیانات اور مواد بھی شیئر کرتا رہا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزم کو ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران اسلام آباد کے علاقہ بنی گالا سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل شواہد قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ 11 مارچ کو بلوچستان کے ضلع بولان میں دہشتگردوں نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی ٹرین ’ جعفر ایکسپریس‘ پر حملہ کرکے، اس کے تمام مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔ دہشتگردوں کی فائرنگ سے کم از کم 21 مسافر جبکہ 3 ایف سی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔