خواتین کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے،ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال
ژوب (خ ن)ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے اشتراک سے پراجیکٹ پاکستان کے تحت گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائی سکول اپوزئی میں ‘پاکستانی معاشرے میں خواتین کے کردار’ کے حوالے سے سیمیناراور گرلز ڈگری کالج اور گرلز ہائی سکولوں کے درمیان سائنسی اورثقافتی نمائش کا انعقاد کیا گیا،تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال تھے،جبکہ اسسٹنٹ کمشنرجاراللہ جلالزئی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لعل جان موسیٰ خیل، ڈی او ای شیخ موسیٰ خان مندوخیل،ڈی ڈی او عجب خان کاکڑ، اکبرجان کاکڑ، ای ایس پی کوآرڈینیٹر رازق جان کاکڑ، گرلزکالج کی پروفیسررفعت منظور
، ہیڈ مسٹریس اور طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔مختلف سکولوں کی طالبات نے ‘پاکستانی معاشرے میں خواتین کے کردار’ پر تقاریرپیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کا اگرچہ ملکی ترقی میں اہم کردار ہے اور انھوں نے شعبہ ہائے زندگی میں اپنا لوہا منوایا ہے،لیکن انھیں معاشرتی رویوں اور امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے،طالبات نے ملی نغمے،ٹیبلوز اور روایتی اتنڑ پیش کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیے اور شرکاءسے خوب داد حاصل کی۔ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کامیاب سیمینار اور کلچرل شو کے انعقاد پر محکمہ تعلیم کے آفیسروں کا شکریہ ادا کیا اور طالبات کی لگن اور ان کی دلچسپی کو سراہا،دریں اثناءڈپٹی کمشنر نے دیگر مہمانوں کے
ہمراہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج، گرلزسکول ناصرآباد، گرلزسکول خروٹ آباد، سٹی گرلز سکول اور گرلز ماڈل سکول اپوزئی کی طالبات کی جانب سے لگائے گئے سائنسی اور ثفاقتی اسٹالز کا دورہ کیااورسجائے گئے مختلف ماڈلز، پراجیکٹس،روایتی لباس اور روایتی کھانوں کا معائنہ بھی کیا۔گرلز ڈگری کالج کی پروفیسررفعت منظور، ثوبیہ بتول،گرلزسکول اپوزئی کی ہیڈ مسٹریس ماہ رخ مندوخیل اور طالبات نے ڈپٹی کمشنر کو مختلف اسٹالزاورپراجیکٹس کے بارے میں بریفنگ دی۔ مقابلوں میں جیوری کے فیصلے کے مطابق گورنمنٹ گرلز ماڈل سکول اپوزئی نے پہلی پوزیشن،گرلز ہائی نیوسٹی نے دوسری پوزیشن جبکہ گرلز ہائی سکول خروٹ آباد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ڈپٹی کمشنررمضان پلال اورمحکمہ تعلیم کے آفیسروں نے پوزیشن لینے والی طالبات کو انعامات بھی دیے۔