اوورسیز پاکستانی ہمارا فخر ہیں، امریکا میں آرمی چیف کا تاریخی خطاب
چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) نے اپنے سرکاری دورۂ امریکہ کے دوران اوورسیز پاکستانی کمیونٹی سے خصوصی ملاقات کی، جہاں انہیں زبردست خراجِ تحسین اور پرتپاک استقبال ملا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں نے آپریشن بنیانِ مرصوص / معرکۂ حق میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانیوں اور جذبۂ خدمت کو سراہا۔
فیلڈ مارشل نے خطاب میں کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کے حقیقی سفیر ہیں، جو ترسیلات، سرمایہ کاری اور عالمی سطح پر کامیابیوں کے ذریعے پاکستان کا وقار بلند کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مشترکہ چیلنجز کا مؤثر انداز میں سامنا کیا جا سکے۔
ملاقات کے دوران کمیونٹی کے افراد نے اپنے تجربات، تجاویز اور مسائل پیش کیے، جنہیں سپہ سالار نے سنجیدگی سے سنا اور ان کے مثبت کردار کی کھل کر تعریف کی۔
یہ ملاقات قومی یکجہتی، عزم اور خدمت کے جذبے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، اور شرکاء نے ایک محفوظ، خوشحال اور مستحکم پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔