پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو واضح برتری حاصل
لاہور(ویب ڈیسک)پانچ بجے سے قبل پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے والے ووٹرز نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا جبکہ مقررہ وقت کے بعد آنے والے ووٹرز کو پولنگ اسٹیشن میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔
پی پی 217 (ملتان) کے تمام 124 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار زین قریشی نے ن لیگ کے امیدوار سلمان نعیم کو شسکت دے دی۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے زین قریشی نے 39 ہزار 456 ووٹ لے کر کامیابی اپنے نام کی۔
ڈیرہ غازی خان سے پی ٹی آئی کامیاب
پی پی 288 (ڈیرہ غازی خان) کے تمام 145 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردارمحمدسیف الدین کھوسہ 58 ہزار 885 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے۔
مسلم لیگ (ن) کے عبدالقادر خان نے 32 ہزار 907 ووٹ حاصل کرسکے۔
پنجاب کی 20 انتخابی نشستیں
ان 20 نشستوں میں لاہور کی 4، راولپنڈی، خوشاب، بھکر، فیصل آباد، شیخوپورہ، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر،لیہ کی ایک ایک، جھنگ کی 2، لودھراں میں 2، مظفر گڑھ میں 2 اور ڈیرہ غازی خان کی ایک نشست شامل ہے۔
اگر صرف لاہور کی 4 نشستوں کی بات کی جائے تو حلقہ پی پی 158 میں ن لیگ کے رانا احسن شرافت اور پی ٹی آئی کے اکرم عثمان کا مقابلہ ہوگا، پی پی 167 میں ن لیگ کے نذیر چوہان پی ٹی آئی کے شبیر گجر کے مدِ مقابل ہیں، پی پی 168 میں ن لیگ کے اسد کھوکھر کا پی ٹی آئی کے نواز اعوان سے مقابلہ ہوگا، پی پی 170 میں ن لیگ کے امین ذوالقرنین پی ٹی آئی کے ظہیر کھوکھر کے مدمقابل ہوں گے۔
20 نشستوں کیلیے 175 امیدوار مدمقابل
صوبائی اسمبلی کی ان 20 نشستوں پر مجموعی طور پر 175 امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے جن میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے امیدوار نمایاں ہیں۔ ان حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 45 لاکھ 79 ہزار 898 ہے۔
پولنگ کے لیے 3 ہزار 131 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 1900 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، ضمنی انتخاب میں امن و امان کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔