دعوت اسلامی کا دنیا بھر میں 540 مساجد بنانے کا اعلان

0 144

قرآن کے ہر ہر حرف پر ہماراایمان ہے، اس کی بے حرمتی سے مسلمانوں کو صدمہ ہوا

 عاشقان قرآن کہاں نہیں ہیں،ہم  ہر مخالفت کا جواب دینی کام سے دینگے، امیر اہلسنت

ہم عاشق قرآن ہیں،مساجد بنانے کیساتھ انہیں آباد بھی کرینگے، علامہ الیاس قادری

 

کوئٹہ۔۔۔۔۔۔۔۔ امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا ہے کہ رواں سال ہونے والی بقر عید میں قرآن کریم کی سخت بے حرمتی کی گئی اور اس کو معاذ اللہ آگ تک لگادی گئی،یہ بڑا شرمناک اور درد ناک کرب ناک اور غم ناک واقع ہوا،ساری دنیا میں اس پر احتجاج ہوئے اور اب بھی جاری ہیں اور لوگ اپنے اپنے جذبات کا اظہار کررہے ہیں کیونکہ اس مذموم عمل سے مسلمانوں کو تکلیف ہوئی ہے۔ عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ ہونے والے مدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے امیر اہل سنت کا کہنا تھا کہ قرآن اللہ پاک کی مقدس کتا ب ہے اس کتاب کے ایک ایک حرف پر ہمارا ایمان ہے،قرآن کریم کے ایک حرف کا بھی انکار کرنا یا اس پر ایمان نہ رکھنا کفر ہے، ہمارا ایمان پورے قرآن پر ہے اور اس کی بے حرمتی کے واقعے پر مسلمانوں کو جتنا صدمہ ہو وہ کم ہے۔ امیر اہل سنت کا کہنا تھا کہ ہم نے کچھ عرصہ پہلے ایک شرارتی خاکے تعلق سے فیضان جمال مصطفی مساجد کی تعمیر کا اعلان کیا تھا اور دنیا بھر میں کئی مساجد تعمیر بھی ہوئیں اوراس بار بھی دنیا بھر میں شعبہ خدام المساجد والمدارس کے تحت قرآن کریم کے540 رکوع کی نسبت سے دعوت اسلامی 540مساجد  بنانے کا اعلان کرتی ہے،یعنی ہر رکوع کی نسبت سے ایک مسجد بنائی جائے گی،ہم عاشق قرآن ہیں ہم مساجد بنائیں گے بھی اور انہیں آباد بھی کریں گے۔ امیر اہل سنت کا کہنا تھا کہ عاشقان قرآن کہاں نہیں ہیں،ہم ہر مخالفت کا جواب دینی کام سے دیں گے، جو مسجد بنائے گا،اللہ پاک اس کیلئے جنت میں گھر بنائے گا،یعنی جو مسجد بنائے یا اس میں حصہ لے یہ ثواب اس کے لئے ہوگا۔جس کا اخلاص زیادہ ہو گا اللہ پاک کی رحمت سے اس کو ثواب بھی اتنا ہی زیاد ملے گا،اگر پوری مسجد نہیں بناسکتے تو آپ حصہ لے لیں،اللہ پاک کی رحمت سے امید ہے کیا معلوم آپ کا دیا ہوا ایک روپیہ ایک کروڑ سے بڑھ جائے،لہٰذا سب کو مل کر کوشش کرنا ہے،میری درخواست ہے مخیر حضرات آگے آئیں اور سرکار ﷺ سمیت اپنے  والدین کے ایصال ثواب کیلئے مساجد تعمیر کروائیں،امیر اہلسنت نے دعا کی کہ یا اللہ جو بھی فیضان قرآن مسجد بنائے یا اس میں حصہ لے اس کو جنت میں اپنے پیارے حبیبﷺکے پڑوس میں عالیشان مکان عطا فرما،آمین

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.