اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی برداشت نہیں کی جائے گی، شبلی فراز
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا،عوام اپوزیشن کے ذاتی مفادات کی سیاست کو جانتے ہیں جبکہ فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے کہاتھا احتساب کا عمل شروع ہوگا یہ اکٹھے ہو جائیں گے، 11 پارٹیاں 15 سے 18 ہزار لوگ بھی اکٹھے نہیں کر پائیں، مولانا فضل الرحمان نے تو خالی کرسیوں سے خطاب کیا، ان کو اپنی اصلیت نظر آگئی، ان کو مزید جلسوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ عوام اپوزیشن کے ذاتی مفادات کی سیاست کو جانتے ہیں، اپوزیشن کا پہلا شو فلاپ ہوگیا، ان کے پاس کوئی پروگرام نہیں، انھوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، ان کو غریبوں کے دکھ درد کا کیا پتہ ؟ مریم نواز بتائیں انہوں نے کسی غریب سے آخری ملاقات کب کی؟ شبلی فراز نے کہا کہ گزشتہ روز اپوزیشن کے جلسے میں اداروں کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کی، ملکی تحفظ کے ضامن اداروں کے خلاف مہم جوئی کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔