کشمیر کا سودا میری لاش کے اوپر بھی نہیں ہوسکتا، معید یوسف
لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی امور ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم کو اجاگر کر رہی ہے ،کشمیر کا سودا میری لاش کے اوپر بھی نہیں ہوسکتا، ہم ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن پہلے ہندوستان کو کشمیر سے قبضہ چھوڑنا ہوگا ، پاکستان امن کےلئے کھڑا ہے ، خطے کو امن کے ساتھ آگے بڑھنا ہے ، پاکستان کا دنیا کے لئے اقتصادی تحفظ کا نعرہ ہے ، پاکستان خطے میں امن اور خوشحالی کیلئے کوشاں ہے، پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے، خطے میں امن، ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات ترجیح ہے، اقتصادی راہداری خطے کی ترقی کا منصوبہ ہے، عالمی امن کے لیے پاکستان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی امور ڈاکٹر معید یوسف نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی اور پلان میں تین لازمی باتیں ، پہلے نمبر پر راہداری ہے اور پاکستان ایک اہم جیو اسٹریٹجکخطے کا حصہ ہے ، سی پیک بھی اس حوالے سے اہم پراجیکٹ ہے ، گوادر کی تعمیر سے وسط ایشیا کی ممالک تک رسائی آسان ہوجائے گی ،دوسرے نمبر پر خطے میں امن ہے اور راہداری تب ہی ہوسکتی ہے ، تیسرے نمبر پر ہم دنیا سے کہہ رہے ہیں کہ ہماری حکومت مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم کو اجاگر کر رہی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کا حل ممکن ہو لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ کچھ لوگ یہ بیانیہ دے رہے ہیں کہ کشمیر کا سودا ہوگیا ہے اور اب کچھ باقی نہیں رہا لیکن میں کہتا ہوں کہ کشمیر کا سودا میری لاش کے اوپر بھی نہیں ہوسکتا۔