کابینہ نے فرسٹ ویمن بینک کی فروخت کی منظوری دے دی
کابینہ نے فرسٹ ویمن بینک کی فروخت کی منظوری دے دی
نجکاری کمیشن کے حکام کے مطابق بینک کے 82.64 فیصد سرکاری شیئرز متحدہ عرب امارات کی حکومت کی نامزد کمپنی کو تقریباً ایک کروڑ 46 لاکھ امریکی ڈالر میں فروخت کیے گئے ہیں۔
یو اے ای کی کمپنی آئندہ پانچ سال میں 10 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گی۔ اس وقت بینک کی ایکویٹی 3.2 ارب روپے ہے، جبکہ مزید 6.8 ارب روپے شامل کیے جائیں گے۔ یہ معاہدہ انٹر گورنمنٹ کمرشل ٹرانزیکشنز ایکٹ کے تحت مکمل ہوا ہے۔
خریدار کمپنی International Holding Company ہے جس کی قیادت Sheikh Tahnoon bin Zayed Al Nahyan کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق فروخت کی قیمت ریفرنس ویلیو سے زیادہ ہے۔
معاہدے کے تحت نئی انتظامیہ کو 10 فیصد ملازمین کو فوری طور پر فارغ کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ باقی عملے کو ڈیڑھ سال تک نہیں نکالا جائے گا۔ مزید یہ کہ بینک کی برانچوں کی تعداد 42 سے بڑھا کر 200 تک کرنے کا منصوبہ ہے۔