رونالڈو کی معطلی کے باوجود پرتگال نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا

0 6

معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کی معطلی کے باوجود پرتگال نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے شاندار انداز میں کوالیفائی کر لیا ہے، اور یوں رونالڈو ایک بار پھر عالمی کپ میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔

پرتگال نے اتوار کو پورٹو میں آرمینیا کو 1-9 کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ رونالڈو معطلی کی وجہ سے میچ میں شریک نہیں تھے، تاہم ٹیم نے ان کی غیر موجودگی میں بھی فیصلہ کن کامیابی حاصل کی۔

اکتالیس سالہ رونالڈو اگلے سال امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ممکنہ طور پر اپنے چھٹے اور کیریئر کے آخری عالمی کپ میں حصہ لیں گے۔ رونالڈو نے کہا تھا کہ یہ عالمی ٹائٹل جیتنے کا ان کا آخری موقع ہوگا۔

رونالڈو اگر فٹ رہتے ہیں تو کوچ روبیرو مارٹینیز انہیں اسکواڈ میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، البتہ آئرلینڈ کے خلاف 0-2 کی شکست میں ریڈ کارڈ کے باعث رونالڈو پر مزید دو میچوں کی پابندی لگ سکتی ہے۔

پرتگال کو گروپ ایف میں سرفہرست رہنے کے لیے آرمینیا کے خلاف لازمی کامیابی درکار تھی، اور برؤنو فرنینڈس اور ژاؤ نیویس کی ہیٹ ٹرکس نے اس ہدف کو مزید آسان بنا دیا۔

ادھر ہنگری کو گروپ کی سرفہرست پوزیشن حاصل کرنے کا موقع ملا، لیکن بڈاپسٹ میں آئرلینڈ نے شاندار واپسی کرتے ہوئے انہیں 2-3 سے شکست دی۔ آئرلینڈ کے ٹرائے پیروٹ نے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 80ویں منٹ میں برابر کرنے اور اضافی وقت کے چھٹے منٹ میں فیصلہ کن گول داغا۔ اس کامیابی کے ساتھ آئرلینڈ گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے پلے آف مرحلے میں پہنچ گیا۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.