اس عمل کو کیا نام دیں سستی شہرت یا احساس کمتری
تحریر وارث دیناری
آنکھ جو کچھ دیکھتی ہے لب پر آ نہیں سکتا
محوِ حیرت ہوں کہ دنیا کیا سے کیا ہو جائے گی _اقبال
بلکہ میں تو یہ کہتا ہوں دنیا کیا سے کیا ہوگی ہے
یہ ہمیں کیا ہو گیا ہے ہمارا معاشرہ روز بروز پستی کا شکار کیوں ہوتا جارہا ہے اخلاقیات اصولوں روایات کو پس پشت ڈال کر ہم کس طرف جا رہے ہیں؟
میرا مقصد کسی کو تنقید کا نشانہ بنانا نہیں ہے اور نہ ہی کسی کی عزت نفس مجروح کرنا مقصود ہے اس کے باوجود کسی دوست کی دل آزاری ہوتی ہے تو معزرت خواہ ہوں میں تنقید کی نیت سے نہیں اصلاح کی نیت سے یہ کالم لکھ رہا ہوں
ایک بات واضح کرتا چلوں کہ میں خود بھی کچھ وقت کے لئے اس بیماری میں مبتلا رہا ہوں تاہم الحمدللہ اللہ تعالیٰ نے مجھے اس بیماری سے نجات دی رب کریم سے دعا ہے کہ ہم سب کو ہمیشہ کے لئے اس بیماری سے بچائے رکھے
ہاں تو ایک عرصے سے بلکہ جب سے سوشل میڈیا کا دور شروع ہوا میں دیکھ رہا ہوں کہ لوگ روزانہ بلکہ دن میں کئی بار ایسی حرکتیں کرتے ہیں ان کو دیکھ کر حیرانی اور پریشانی ہوتی ہے کسی بڑے نامور شخصیت کے ساتھ تعلقات ظاہر کرنے کی خاطر کس حد تک گرتے ہیں اس کے لئے کیا کیا حرکتیں ہماکتیں کرتے ہیں بس اللّہ معاف کرے _ وہ حرکات کیا کس طرح ہیں مہذب حد تک تحریر میں بیان کرنے کی کوشش کرتا ہوں ان میں سے کچھ کی ایک جھلک قارئین کی نظرکرتا ہوں ہم دیکھتے ہیں کہ آپ کا کوئی دور کا رشتہِ دار
بشرط کہ وہ کوئی بڑا آدمی ہو یا پیسے والا ہو ان کو اپنا قریبی عزیز ظاہر کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے
کسی وڈیرے سیاست دان یا آفیسر کے ساتھ سیلفی لے کر کیپشن لگائی جاتی ہے اپنے دیرینہ دوست میر ہشمت خان کے ساتھ خوش گوار موڈ میں ایک یادگار تصویر
اسی طرح کسی آفیسر کی تعیناتی یا پرموشن پر میں نے اس طرح کے پوسٹ دیکھے ہیں
میں اپنے بھائیوں جیسے دیرینہ دوست تیس مار خان کو چارج سنبھالنے پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں ہوں یا یہ کہ میں اپنے بڑے بھائی یا چھوٹے بھائیوں جیسے دوست کو پرموٹ ہونے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ان کی سالگرہ وغیرہ پر باقاعدگی کے ساتھ مبارکباد کی پوسٹیں رکھنا کسی بھی خوشی یا غمی کے تقریبات میں لوگوں کے ہجوم میں گھس کر دھکے کھا کر بھی کسی بڑی شخصیت کے ساتھ تصویریں بنوانا
جبکہ اپنے قریبی حقیقی غریب رشتہِ داروں کو دھکے دے کر ان سے دور بھاگنا
اسی طرح کسی بڑے شاپنگ مول میں سیلفی لے کر پوسٹ کر دینا یا کسی معروف فوڈ پوائنٹ پر بیٹھ کر ہوٹل سے لنچ اور ڈنر کی تصاویر شئیر کرنا وغیرہ جیسے عمل شامل ہیں
ان حرکات سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی جاتی ہے کہ ہمارے تعلقات کن کن بڑے بڑے لوگوں کے ساتھ ہیں ہم کتنے باعزت معزز اور ہم کتنے پیسے والے ہیں
میرے خیال میں اس طرح کے عمل کے مرتکب افراد خود کو دھوکا دے کر لوگوں کے نظروں میں خود کو گیرا رہے ہیں اگر وقتی طور پر کچھ وقت کے لئے وہ اس میں کامیاب بھی ہو جاتے ہیں تو جلد ہی لوگوں کو ان کی اصلیت اوقات کا علم ہو ہی جاتا ہے پھر ایسے انسان دو کوڑی کا بن کر رہ جاتا ہے_ میں نے کئی ایسے بھی دیکھے ہیں وہ اپنا تعارف کراتے وقت اپنا تعلق کسی ایسے فرد یا ادارے سے جوڑتے ہیں جن سے وابستہ افراد خود بھی کسی صورت میں اپنی شناخت اور کام ظاہر نہیں کرتے لیکن یہ شہرت کے بھوکے پیاسے لوگ ہر جگہ اپنا تعلق ان کے ساتھ ظاہر کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں
بد قسمتی سے ہمارے یہاں ان کی تعداد روز بروز بڑھتی جارہی ہے _ تاہم معاشرے میں اچھے لوگوں کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن بہت کم ہیں
اپنی ذاتی مشاہدہ کی بدولت میری نظر میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جن کا وجود تپتی دھوپ گرمی میں ٹھنڈک سے کم نہیں
چند ایک کا ذکر
استاد زین العابدین اوستو صاحب ان کے بزرگ ملا در محمد اوستو نے 1906میں استا محمد شہر کی بنیاد رکھی آج یہ شہر استامحمد ڈسٹرکٹ کا ہیڈکوارٹر بھی ہے اور بلوچستان کا تیسرا بڑا صنعتی شہر ہے ہمارے یہاں استا محمد میں اوستو فیملی بہت بڑے جاگیر دار ہوا کرتے تھے ایک نجی محفل میں ایسے بات چیت کرتے ہوئے معلوم ہوا کہ اس وقت کا استا محمد کا بہت بڑا سرمایہ دار زمیندار جن کی زمینیں کئی اضلاع میں واقع ہیں یہ شخص ان کے والد صاحب کے نائب ہوا کرتے تھے ہمارے ہاں نائب اس کو کہا جاتا ہے جو زمینوں کی آمدن اخراجات بزگروں کا حساب رکھتا ہواس ملازم کو نائب کہتے ہیں استاد زین العابدین نے جس شخصیت کے بارے میں بتایا کہ یہ کسی وقت ہمارا ملازم ہوا کرتا تھا اگر میں اس شخصیت سے تصدیق بھی کرانا چاہوں تو مجھے سو فیصد یقین ہے وہ اس بات کی تائید کریں گے تردید نہیں کریں گے ہم نے زین العابدین اوستو صاحب سے پہلی بار یہ بات سن کر حیران ہوئے تھے کہ وہ لوگ اتنے بڑے زمیندار ہوا کرتے تھے لیکن کبھی بھی اس کا اظہار انھوں نے نہیں کیا
کچھ عرصہ قبل ہمارے نصیر آباد ڈویژن میں مامو کمشنر بھانجا اسسٹنٹ کمشنر تعینات رہے نہ کبھی مامو نے نہیں کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر میرا بھانجا ہے اور نہ ہی اسسٹنٹ کمشنر سے کبھی سنا ہو کہ موجودہ کمشنر نصیر آباد میرا مامو یہ بات ہمیں بعد معلوم ہوا کہ اسسٹنٹ کمشنر کے کئی رشتہِ دار نہایت ہی اہم آور اعلیٰ عہدوں پر فائض ہیں خود ان کے والد کمشنر انکم ٹیکس رہے لیکن کسی کے ساتھ ان رشتوں کا ذکر نہیں کیا ہندو برادری کے نہایت ہی پسماندہ کیمونٹی سے تعلق رکھنے والے ایک با صلاحیت باہمت فرض شناس بہادر نوجوان جو اس وقت ڈپٹی کمشنر ہیں استا محمد میں اسسٹنٹ کمشنر رہے میرے استاد بتا رہے ہیں جب میں نے ان سے پوچھا کہ سر آپ کے والد گرامی کیا کام کرتے ہیں تو اسسٹنٹ کمشنر نے سندھی زبان میں فخریہ انداز میں کہا کہ سائیں بابو درزی ہیں وہ یہ بھی کہہ سکتے تھے کہ وہ ٹیلر ماسٹر ہیں
انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ آفیسر نے ایک واقعہ سنا کر مجھے حیران کر دیا اس نے بتایا کہ کوئٹہ میں میرے پڑوس میں ایک نوجوان ایک کمرے کے کرایہ کے مکان میں رہتا تھا گھر میں سالن خود پکاتا تھا کچھ عرصہ کے ان کے ساتھ دوستی ہوگئی کئی بار میں نے کہا کہ ہم سالن تیار کریں گے آپ ہمارے ساتھ کھایا کریں وہ نہیں مانے ایک سال کے بعد ہمیں معلوم ہوا کہ ہمارے ساتھ کرایہ کے مکان میں رہنے والا نوجوان کوئی عام معمولی نہیں بلکہ خان آف قلات کی فیملی کا فرد ہے اور ان کے والد صاحب ایک محکمے میں چیف انجینئر ہیں جب ہم نے ان سے پوچھا بھائی آپ کا تعلق اتنے بڑے با اثر گھرانے سے ہونے کے باوجود آپ نے کبھی اپنا تعارف اس انداز میں نہیں کرایا تو اس نے کہا کہ میں آپ لوگوں کی طرح کا انسان ہوں اس میں خاص بات کیا ہے میں کہتا ہوں واقعی یہ ترقی یافتہ ممالک یورپ جہاں پر وزیراعظم اور کابینہ کے وزراء لائن میں کھڑے ہو کر خریداری کرتے ہیں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرتے ہیں ان کے لئے خاص بات نہیں ہے لیکن ہمارے لئے خاص ضرور ہے _اسی طرح کے ایک واقعے نے مجھے بھی حیران کیا بیس سال پہلے کی بات ہے لیکن آج بھی یاد ہے میں کسی کام سے کراچی گیا ہوٹل میں مجھے استا محمد کے صحافی وریام بیگ ڈاکٹر محمد انور خواجہ ایم یو قمبرانی صاحب ملے قمبرانی صاحب نے کہا کہ کہیں مت جانا شام کو پیر آف لواری شریف پیر محمد صادق سے ٹائم لیا ہے وہ گاڑی بھجیں گئے ان کے ہاں جائیں گے میں نے حامی بھری شام کو گاڑی آئی بیگ صاحب کسی کام سے نکل گئے میں ڈاکٹر محمد انور خواجہ ایم یو قمبرانی صاحب پیر محمد صادق کے رہائش گاہ پر پہنچے تو ایک ملازم نے ہمیں ڈرائنگ روم میں صوفوں پر بیٹھا کر بلوچستان کے صحافی مہمان جان کر خوب ہماری خاطر تواضع کی پھر پیر محمد صادق کو اطلاع کرنے چلا گیا تو ہم تینوں خود کو بڑا صحافی ثابت کرنے کے بڑھ چڑھ کر باتیں کرنے لگے میں نے دیکھا کہ ایک نوجوان نیچے قالین پر بیٹھا انتہائی تحمل سے ہماری اوٹ پٹانگ باتیں سن رہا اور ہم تینوں ایک دوسرے سے بڑھ کر خود کو بڑا صحافی ثابت کرنے کی کوشش کررہے تھے اتنے میں قمبرانی صاحب اس نوجوان سے مخاطب ہوا ارے بھائی اپنا تعارف تو کروائیں جس پر اس نے کہا کہ بندہ کا نام ارباب ہے قمبرانی نے پوچھا کام کیا کرتے ہو تو اس نے بتایا کہ میں جنگ گروپ کے اخبار دی نیوز میں سب ایڈیٹر ہوں یہ سننا تھا کہ ہم تینوں کی ہوا نکل گئی کافی دیر تک ایک دوسرے کو دیکھتے ہی رہے یار ہم صرف نامہ نگار ہی ہیں خود کو کیا سمجھ بیٹھے تھے اور یہ دی نیوز کے ایڈیٹر ہو کر انکساری اور عاجزی سے ہمارے ساتھ پیش آئے ہیں میں کافی دیر تک اس اعلیٰ ظرف انسان کے بارے میں سوچتا رہا کہ ہمارا رویہ ان کے ساتھ کیسا تھا اور وہ کس طرح ہمارے ساتھ پیش آئے ارباب اور قمبرانی صاحب اس دنیا میں نہیں رہے ایک طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود جب واقعہ یاد آتا تو شرمندگی محسوس ہوتی ہے دیکھا جائے تو ہم سے زیادہ کا تعلق متوسط طبقے بلکہ اکثریت کا تعلق غریب گھرانوں سے ہی ہے ہم میں سے 95فیصد نے تعلیم سرکاری اسکولوں میں حاصل کی سرکاری اسکولوں میں طلباء کی تعداد کا اندازہ اس سے لگائیں کہ ہر جماعت کے دو تین سیکشن ہوا کرتے تھے یعنی سو ڈیڑھ سے زیادہ بچے ہر جماعت میں ہوتےتھے ان سو ڈیڑھ سو میں سے کوئی دس بارہ بچے ہی پڑھ لکھ کر کوئی اعلیٰ عہدوں پر پہنچے ہونگے بقایا بچوں نے روزگار کی خاطر مختلف پیشے اختیار کر کے اپنا گھر کا گزر بسر کررہے سوچنے کی بات یہ ہے کہ ہم اکثریت کو چھوڑ کر اقلیت کے ساتھ دوستی پر فخر کرتے ہیں بس اس لئے کہ وہ ڈاکٹر انجینئر وکیل پولیس آفیسر یا دیگر اداروں میں آفیسر لگے ہوئے ہیں ان کے ساتھ تصویریں بنانا اپنا شان سمجھتے ہیں کہ وہ کامیاب انسان ہیں مجھے تو اس سوچ پر سخت افسوس ہوتا ہے سکول کا چپڑاسی کالج کا مالی آفیس کا چوکیدار بینک کا گارڈ بھی تو میرا ہم مکتب رہا ہے محلے میں کریانہ سٹور والا برف فروش ہوٹل پر دھاڑی کرنے والا پھل سبزی کی ریڑی لگانے والا بھی تو میرا ہم جماعت رہا ہے ان کے ساتھ خوش گوار موڈ میں تصویریں بنانے کے لیے مجھے موت آجاتاہے کیوں اس لئے کہ وہ مجھ سے سماجی حوالے سے کمتر ہیں صرف اس وجہ سے میں اپنے ہم جماعتوں سے دور بھاگتا ہوں
میں سوشل میڈیا پر تصویریں اور پوسٹ رکھنے کے خلاف ہر گز نہیں ہوں البتہ میں چاہتا ہوں
آپ بجائے کسی شاپنگ مول میں خریداری یا کسی بڑے ہوٹل پر انواع قسم کے کھانوں سے سجی ہوئی ٹیبل کی تصویریں یا کسی بڑی گاڑی میں بیٹھ کر لائیو موسم دیکھانے کےبجائے کبھی کبھار موٹر سائیکل اور رکشہ پر بیٹھ کر مؤسم کو انجوائے کرنے کی تصاویریں بھی اپ لوڈ کیا کریں اپنے سے کم حیثیت والے کسی دوست یا رشتہِ دار کے ساتھ کسی دھابے پر بیٹھ کر چائے پینے یا اپنے محلے کے ریڑی والے ماما رحمت علی کے دہی بھلے کھاتے ہوئے دھنی بخش عرف دھنی کے ریڑی پر دوستوں کے ساتھ فالودہ کھانے کی تصویریں بھی شئیر کرکے دیکھیں کتنا سکون اور خوشی محسوس ہوتی ہے بیان سے باہر ہے ۔ایک بار کرکے دیکھ تو لیں مزا نہ آئے تو میں سزا کے لئے تیار ہوں آئے ہم تہہ کریں کہ عید کا دن اپنے غریب رشتہِ داروں غریب دوستوں کے ساتھ گزاریں گے ان کے ساتھ سیلفیاں بنائیں گے