مودی سرکار پر راہول گاندھی کا شدید وار: پاکستان پر حملے سے متعلق سنگین سیکیورٹی سوالات اٹھا دیے
بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے ایک بار پھر نریندر مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اہم سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان پر فضائی حملے کے بعد بھارتی فضائیہ کو جو نقصان اٹھانا پڑا، وہ قوم سے کیوں چھپایا جا رہا ہے؟
راہول گاندھی نے یہ سوال بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے اُس بیان کے تناظر میں اٹھایا، جس میں انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ حملے سے قبل پاکستان کو پیشگی اطلاع دی گئی تھی۔
راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ اگر واقعی حملے سے پہلے پاکستان کو مطلع کیا گیا، تو یہ ایک سنگین سیکیورٹی معاملہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو بتایا جائے کہ یہ فیصلہ کس نے کیا اور اس کا اختیار کس کو دیا گیا؟ ان کے بقول، یہ اقدام ملک کی سلامتی کے مفادات کے سراسر منافی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ کا یہ اعتراف نہایت تشویشناک ہے اور اس پر خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی۔ ساتھ ہی انہوں نے جاننے کا مطالبہ کیا کہ حملے کے بعد بھارتی فضائیہ کو کتنا نقصان پہنچا، اور وہ تفصیلات اب تک کیوں چھپائی جا رہی ہیں؟
واضح رہے کہ جے شنکر کے بیان کے بعد نہ صرف سیاسی بلکہ عسکری حلقوں میں بھی بحث شدت اختیار کر گئی ہے، اور مودی حکومت پر سیکیورٹی پالیسیوں سے متعلق سوالات کے سائے مزید گہرے ہو گئے ہیں۔