شہباز گل کی طبیعت بگڑ گئی، ہسپتال منتقل کر دیا گیا
شہباز گل کی طبیعت بگڑ گئی، ہسپتال منتقل کر دیا گیا
اسلام آباد(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہبازگل کو پمز اسپتال پہنچادیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق طبیعت خرابی کے باعث شہباز گل کو پمز اسپتال اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم شہبازگل کا طبی معائنہ کرے گی، میڈیکل ٹیم میں شعبہ میڈیسن، نیوروفزیشن اور کارڈیک ڈاکٹرز شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازگل کو سانس لینے میں دشواری کی شکایت ہے، شہبازگل کے چیک اپ کیلئے ماہر امراض سینہ کو اڈیالہ جیل بھی بھجوایا گیا تھا، میڈیکل ٹیم معائنہ کرکے میڈیکل سرٹیفکیٹ پولیس کے حوالے کریگی۔
خیال رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے شہباز گل کو جیل بھیجنے کے فیصلہ کے خلاف وفاقی حکومت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔
ایڈیشنل سیشن جج کے فیصلے کے بعد پولیس ٹیم تفتیشی افسر کی نگرانی میں شہباز گل کو لینے اڈیالہ جیل پہنچی، جس کے بعد اڈیالہ جیل انتظامیہ نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو اسلام اباد پولیس کے حوالے کردیا تھا۔