کوئٹہ صوبائی وزیرآبپاشی نوابزادہ طارق مگسی نے کہا ہے کہ
کوئٹہ صوبائی وزیرآبپاشی نوابزادہ طارق مگسی نے کہا ہے کہ پٹ فیڈر کینال توسیع منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے اس منصوبہ پر جلد از جلد کام کا آغاز نا گزیر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپرنٹنڈنگ انجینئرپٹ فیڈر کینال اینڈ ڈرینج سرکل اور ایکسیئن پٹ فیڈر کینال ڈیرہ مراد جمالی قاضی عبدالرزاق کی جانب سے پٹ فیڈر کینال توسیع منصوبہ کے نقشہ سے متعلق دی گئی بریفنگ کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ کی نصف آبادی کا گزر بسر زراعت کے شعبے پر منحصر ہے جبکہ اس شعبہ کی براہ راست ترقی بلوچستان کے نہری نظام سے وابستہ ہے موجودہ حکومت صوبے کے نہری نظام کی توسیع اور بہتری کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہی ہے اس حوالے سے محکمہ آبپاشی کا بھی کلیدی کردار ہے انہوںنے کہا کہ کینال توسیع منصوبہ کی تکمیل کے بعد تقریباً 3لاکھ ایکڑ زمین کو زیر کاشت لایا جاسکتا ہے جس سے یقینا زراعت کے شعبے کی ترقی اور فروغ کے ساتھ ساتھ علاقے کے زمینداروں اور کاشتکاروں کیلئے بھی خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی ۔ انہوںنے ہدایت کی کہ پٹ فیڈر توسیع پیکج تھری پر بھی جلد کام شروع کیا جائے جس سے نہ صرف علاقے کے ساڑھے آٹھ ہزار کیوسک پانی کی فراہمی ممکن بناکر جھل مگسی ، نصیر آباد ، جعفر آباد اور صحبت پور کے علاقوں کو گرین بیلٹ میں تبدیل کیا جاسکتا ہے بلکہ وہاں کے بسنے والے کسانوں کو بھی ریلیف مل سکے گا۔