سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مزید تین مریض سامنے آگئے ،ملک میں مریض310 ہو گئے
اسلام آباد/کراچی /سکھر/لاہور /پشاور (این این آئی)سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 3 مریض سامنے آگئے جس کے بعد صوبے میں وائرس کے مریضوں کی تعداد 211 اور ملک بھر میں 310 ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے پاکستان میں پہلی دو اموات صوبہ پختونخوا میں ہوئیں ،مردان کی یونین کونسل منگاہ میں کورونا وائرس سے ہلاکت کے بعد حفاظتی اقدامات کے پیشِ نظر یونین کونسل منگا کو غیر معینہ مدت کے لیے مکمل لاک ڈائون کر دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق یونین کونسل میں تمام آمد و رفت بند کر دی گئی ہے۔ادھر تفتان بارڈر سے مزید 757 زائرین کو سکھر میں قرنطینہ سینٹر منتقل کیے جانے کے بعد ان کی اسکریننگ کا عمل شروع کر دیا گیا ، کراچی سے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم سکھر پہنچ گئی ہے۔تفتان بارڈر سے سکھر کے قرنطینہ سینٹر منتقل کیے گئے 757 زائرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، 293 مسافر پہلے ہی قرنطینہ سینٹر میں موجود تھے، اس طرح قرنطینہ سینٹر میں رکھے گئے افراد کی تعداد 1050سے زائد ہوگئی ہے،293 افراد 14 مارچ کو سکھر لائے گئے تھے، ان کے ٹیسٹ کے بعد 143 افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق کراچی سے سکھر قرنطینہ سینٹر پہنچنے والی ڈاکٹروں کی ٹیم اپنے ساتھ ٹیسٹنگ کِٹس لائی ہے، وقت بچانے کے لیے سکھر میں ٹیسٹ کرنے کے بعد رپورٹ صوبائی حکومت کو بھجوائی جائے گی۔ملتان کے نشترہسپتال میں کورونا وائرس کا ایک تصدیق شدہ اور 7 مشتبہ مریض زیرِ علاج ہیں جن کے حوالے سے محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹر عطا الرحمٰن کا کہنا ہے کہ 7 مشتبہ مریضوں کے خون کے سیمپلز قومی ادارہ صحت کو بھیجے گئے ہیں، ان کی رپورٹس کا انتظار ہے۔ترجمان ڈپٹی کمشنر کے مطابق ملتان میں قرنطینہ ہائوس بنایا گیا ہے جہاں 3 ہزار افراد کو رکھنے کا بندوبست کیا گیا ،تفتان بارڈر سے 1200 افراد کا قافلہ ملتان قرنطینہ ہائوس پہنچے گا جہاں انہیں 14 دن تک رکھا جائیگا، ایسے افراد جن میں کورونا وائرس کی علامات پائی جائیں گی، ان کا ٹیسٹ کروایا جائے گا۔کراچی میں کورونا وائرس سے بچائو کی احتیاطی تدابیر سے متعلق حکومتی احکامات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا ۔ڈی جی اسکولز کی ہدایت پر محکمہ تعلیم کی 3 رکنی ٹیم کی جانب سے نجی اسکول میں کارروائی کی گئی ہے، اسکول انتظامیہ نے اسکول ملازمین اور عملے کو طلب کیا ہوا تھا۔