ایئرچیف مارشل مجاہدانورخان سبکدوش ہوگئے اور کمان نئے سربراہ کوسونپ دی
ہم ہر قیمت پر دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے ،قوم کے تعاون سے ملکی دفاع ناقابل تسخیرہے، سبکدوش ایئر چیف
اسلام آباد(ویب ڈیسک)ایئرچیف مارشل مجاہدانورخان سبکدوش ہوگئے اور کمان نئے سربراہ ظہیر احمد بابر سدھو کو سونپ دی۔پاک فضائیہ میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔ ایئرچیف ظہیراحمدبابرسدھونے پاک فضائیہ کے نئے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
جے ایف17تھنڈرطیاروں نے سبکدوش ہونیوالے ایئرچیف مجاہدانورخان کوسلامی دی۔سبکدوش ہونیوالے ایئرچیف مارشل مجاہدانورخان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کی کمانڈ نئے سربراہ کو سونپ رہاہوں، 40سال پاک فضائیہ میں خدمات انجام دینا
اعزاز کی بات ہے، ہم ہر قیمت پر دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے ،قوم کے تعاون سے ملکی دفاع ناقابل تسخیرہے، کورونا کے باوجود ہم نے دفاعی مشقیں جاری رکھیں، پاک فضائیہ ہرچیلنج کے مقابلے کیلئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو پاک فضائیہ کی قیادت سنبھالنے پر مبارکباد دیتاہوں، ان کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے، ہر شعبہ میں تعاون پر اپنے اسٹاف کاشکرگزارہوں۔