بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا
کراچی : حکومت کی پروازوں کی بندش کے دوران بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے کچھ خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا ۔ائیر لائن ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 783 کراچی سے ٹورنٹو کے لیے روانہ ہو گئی ہے جو لاک ڈاؤن کے دوران کراچی سے ٹورنٹو کے لیے پہلی پرواز ہے۔دفترخارجہ کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے مختلف ممالک میں 43 ہزار پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں، واپسی کے منتظر ان پاکستانیوں میں ترکی، بنگلا دیش اور کرغزستان سمیت کئی ممالک میں پھنسے زیر تعلیم طلبہ بھی شامل ہیں۔دفتر خارجہ کی جانب سے بتایا گیا کہ گزشتہ روز جدہ سے 226 پاکستانی معتمرین پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے لاہور لائے گئے جب کہ انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا سے 221 پاکستانیوں کو کراچی پہنچایا گیا۔اس سے قبل مسقط سے دو پروازوں کے ذریعے 325 پاکستانیوں کو لایا گیا تھا، ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور سے 200 اور دبئی سے بھی 400 پاکستانی خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان لائے جا چکے ہیں۔