حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں 7 سے 10 فیصد اضافے کرنے کی اجازت دیدی
اسلام آباد:(ویب ڈیسک ) وفاقی حکومت نے فارما کمپنیوں کو ادویات کی قیمتوں میں 7 سے 10 فیصد اضافے کی اجازت دے دی۔
وفاقی حکومت نے ادویہ ساز کمپنیوں کو کنزیومر پرائس انڈیکس (سی ہی آئی) کے تحت ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی اجازت دے دی۔ ڈریپ کے نوٹی فکیشن کے مطابق ادویہ ساز کمپنیوں اور امپورٹرز کو بنیادی ادویات کی قیمتوں میں7 فیصد جبکہ دیگر ادویات کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ کی اجازت دی گئی ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ڈریپ نے وفاقی حکومت و ڈریپ کی پالیسی بورڈ کی منظوری و سفارش پر ڈرگ پرائسنگ پالیسی 2018ء میں ترمیم کی ہے۔ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کے مطابق ہر سال وزارت قومی صحت کرے گی۔
دوسری طرف شہریوں نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام پر ظلم قراردیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ادویات کی قیمتیں پہلے ہی بہت زیادہ ہے، اب مزید اضافہ نہ کیاجائے۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کے مطابق بنیادی ادویات کی قیمتوں میں 5.14 فیصد جبکہ دیگر تمام ادویات کی قیمتوں میں 7.34 فیصد اضافے کی اجازت دی گئی تھی۔