بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے تباہ کاریاں، پی ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری
بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات میں 22 افراد جاں بحق اور 11 افراد زخمی ہوئے۔ اموات کا سبب سیلابی ریلے، چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات اور آسمانی بجلی گرنا بتایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق موسیٰ خیل اور کوہلو میں کرنٹ لگنے سے دو بچے، زیارت میں ڈیم میں ڈوبنے سے تین خواتین، لسبیلہ اور لورالائی میں دیوار گرنے سے دو افراد اور ژوب میں سیلابی ریلے میں گاڑی بہہ جانے سے چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔ خضدار میں دیوار گرنے اور سیلابی ریلے میں بہنے سے چھ افراد جبکہ ہرنائی میں چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق ہوئے۔ دکی میں چار بچیاں سیلابی ریلے میں بہہ کر زندگی سے محروم ہو گئیں۔
رپورٹ کے مطابق صوبے میں 357 سولر پینل تباہ اور چار سرکاری عمارتیں متاثر ہوئیں۔ مجموعی طور پر 83 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 69 گھروں کو جزوی جبکہ 14 گھر مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں سیلاب کے خدشے کے باعث اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔