مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر کراچی میں گرفتار
پولیس حکام کے مطابق محمد صفدر کو نجی ہوٹل سے گرفتار کیا اور انہیں مزار قائد پر نعرے لگانے پر مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ کیپٹن صفدر کے خلاف مقدمہ بریگیڈ تھانے میں درج ہے اور انہیں گرفتار کرکے تھانہ عزیز بھٹی میں رکھا گیا ہے۔
تھانہ بریگیڈ کی پولیس نے کیپٹن صفدر کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لیگی رہنما کو مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ شہر وقاص کی مدعیت میں درج مقدمے میں 200 افراد شامل ہیں جب کہ مقدمے میں جان سے مارنے کی دھمکی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔
کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف درج ایف آئی آر
پولیس حکام کا کہنا ہےکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو آج کورٹ میں پیش کرنے کافیصلہ ابھی نہیں ہوا اور ان کی منتقلی کی جگہ سے متعلق ابھی کچھ نہیں بتاسکتے۔
پولیس حکام کے مطابق کیپٹن صفدر سے تفتیش کے بعد ہی انہیں کورٹ میں پیش کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر کی گرفتاری کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ انہیں گرفتار کرنے کیلئے پولیس کی نفری کے اطراف میں موجود ہے جب کہ پولیس موبائل میں بیٹھتے وقت کیپٹن صفدر ’ووٹ کو عزت دو‘ کا نعرہ لگارہےہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کے لیے مریم نواز کراچی پہنچی تھیں جہاں مزار قائد پر کیپٹن صفدر نے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے لگوائے تھے جس کے بعد وفاقی وزرا نے اس اقدام پر مریم نواز سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ اس معاملے پر مقدمہ درج کرانے کے لیے تھانے پہنچے تھے تاہم ایک شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا۔