سعد حریری کی معذرت کے بعد وزارت عظمیٰ کے لیے نئے ناموں پرغور
بیروت (این این آئی)لبنان کے نگراں وزیراعظم سعد حریری کی طرف سے وزرات عظمٰی کا امیدوار بننے سے معذرت کے بعد لبنانی کابینہ میں اس عہدے کے لیے نئے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں مختلف پارلیمانی گروپوں کی طرف سے وزارت عظمیٰ کیلیے نام پیش کیے گئے اور ان پرغور کیا جا رہا ہے۔ بعض سیاسی گروپوں کی طرف سے لبنان میں ٹیکنوکریٹ حکومت کی تجویز پیش کی گئی مگر اسے مسترد کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق سعد حریری کی طرف سے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے سے معذرت کے بعد صدر میشل عون کے پاس تین آپشن ہیں۔پہلا یہ کہ حکومت کی تشکیل کے سیناریو پر اتفاق رائے تک مشاورت ملتوی کرنا،کسی ایک نام پر اتفاق رائے کے لیے پارلیمانی گروپوں میں مشاورت جاری رکھنا اور کسی ایک نام پر اتفاق رائے کے بعد صدر کا تمام سیاسی قوتوں کو اس نام پر اعتماد میں لینا ہے تاکہ ملک میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے کسی ایک نام پراتفاق کیا جائے جس پر تقریبا تمام دھڑے متفق ہوں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک جن ناموں پرغور ہو رہاہے ان میں سابق وزیراعظم تمام سلام،، اقوام متحدہ میں سابق سفیرنواف سلام،سابق وزیر حسان دیاب اور سابق وزیر خالد قبانی شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے شیعہ حلقوں میں نواف سلام کو قبول نہیں کیا جائے گا بالخصوص حزب اللہ اور تحریک امل کی طرف سے نواف سلام کی حمایت نہیں کی جائے گی۔فیوچر پارٹی کے ایک رکن بکر الحجیری کا کہنا ہے کہ سعد حریری کابینہ میں خواتین کی شمولیت کے خواہاں ہیں۔