ملک بھر میں مزید 6 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

0 142

پشاور(این این آئی) ملک کے مختلف علاقوں میں ایک ہی روز پولیو کے مزید 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد رواں بعد ملک بھر میں متاثرہ کیسز کی تعداد اب 111 ہوگئی ہے۔خیبر پختونخوا کے دو اضلاع لکی مروت اور ٹانک سے بیک وقت چار نئے متاثرہ بچوں کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 79 ہوگئی ہے۔ایمرجنسی آپریشن سینٹر پشاور کے مطابق ضلع لکی مروت رواں سال ملک بھر میں سب سے زیادہ پولیو سے متاثرہ ضلع بن گیا ، صرف لکی مروت میں پولیو کیسز کی تعداد 27 ہوگئی ہے جواب ضلع بنوں کے مقابلے میں بھی بڑھ گئی ہے۔ ضلع بنوں میں رواں سال 24 پولیو کیسز کو رپورٹ کیا گیا ہے۔نئے رپورٹ ہونے والے کیسز کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ کے 3 بچوں جن کی عمریں 4ماہ، 21ماہ اور 30ماہ ہیں جبکہ ضلع ٹانک سے 2 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔ ان بچوں کے فضلے کے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کو بھجوائے گئے تھے جن میں پولیو وائرس کی تصدیق کی کئی ہے۔ذرائع کے مطابق سندھ کے ضلع بدین میں ایک نئے متاثرہ کیس کے علاوہ بلوچستان سے 2 نئے پولیو کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں،ملک بھر میں اب نئے کیسز کے بعد پولیو سے متاثرہ کیسز کی تعداد اب 111 ہوگئی ہے۔پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں برس خیبر پختونخوا میں رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 79 ہوگئی ہے،اب تک لکی مروت سے 27 ، بنوں سے 24 ، شمالی وزیرستان 8، تورغر 7، ٹانک 3، ڈیرہ اسماعیل خان اور ہنگو سے 2،2 جبکہ باجوڑ، چارسدہ، خیبر، شانگلہ، صوابی اور جنوبی وزیرستان سے ایک ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ دوسری جانب سندھ 17، پنجاب 6 اور بلوچستان میں رواں برس پولیس کے 9 کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.