لاہور نیو انار کلی بازار میں دھماکے سے بچے سمیت 2 افراد جاں بحق، 29 زخمی

0 222

لاہور: نیو انارکلی بازار میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 2 افراد جاں بحق اور 29 زخمی ہوئے، پولیس نے شک کی بنیاد پر کچھ ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
زخمیوں میں خواتین شامل

پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انار کلی میں دھماکہ ایک بج کر چالیس منٹ پر ہوا اور پولیس کو چار منٹ بعد کال موصول ہوئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کو ابتدائی رپورٹ پیش

آئی جی پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کر دی، جس میں بتایا گیا ہے کہ دھماکا پلانٹڈ ڈیوائس کا تھا، جس سے عمارت اور 8 موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 29 افراد زخمی اور02 جاں بحق ہوئے، پولیس ہیلپ لائن پر ایک بج کر چوالیس منٹ پر کال موصول ہوئی جس کے فوری بعد لاہور پولیس سمیت انتظامیہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس،فرانزک ایجنسیوں،حساس ادارے جائے وقوعہ پر موجود ہیں، جو موٹرسائیکل میں بارودی مواد نصب کرنے کے حوالے سے بھی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تفتیش کررہے ہیں۔

ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے فوری بعد لاہور کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی اور زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہیں، بعض مشکوک افراد کو گرفتار کیا گیا جن سے تحقیقات کی جارہی ہے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.