کسی بھی علاقے کی تہذیب و تمدن، طرز زندگی ومعاشرت، رہن سہن اور باہمی معا بیملات میں زبان کو کلیدی اہمیت حاصل ہے، میر عبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ۔(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ کسی بھی علاقے کی تہذیب و تمدن، طرز زندگی ومعاشرت، رہن سہن اور باہمی معا بیملات میں زبان کو کلیدی اہمیت حاصل ہے کسی بھی کلچر کے مطالعے میں زبان خصوصی اہمیت کی حامل ہوتی ہے مادری زبانوں کے عالمی دن کے مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مادری زبانوں میں لوک گیت، داستانوں اور رودات کے انداز میں علاقوں کی تاریخ، بودوباش، جنگی فتوحات اور تہذیب و تمدن کے تمام عوامل شامل ہوتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مادری زبانوں کو زندہ رکھنے میں ان تمام زبانوں سے تعلق رکھنے والے شعراء،فنکار اور آرٹسٹوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا جو اپنے کلام اور فن سے ملک کی تمام مادری زبانوں کو زندہ و جاویداں رکھے ہوئے ہیں وزیراعلی نے مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر ان تمام شعراء، مصنفین، مفکرین، ادباء اور فنکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے جنہوں نے مادری زبانوں کو اپنے گیتوں، اشعار اور نثر کے ساتھ ساتھ فن کے شعبے میں بھی زندہ رکھا ہے۔وزیر اعلیٰ نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان میں بولی جانے والی تمام مادری زبانیں اور بالخصوص بلوچستان میں بولی جانے والی علاقائی مادری زبانیں یوں ہی محفوظ رہیں گی اور ان زبانوں میں علاقائی تہذیب و تمدن ثقافت اور کلچر کے ساتھ ساتھ جدید طرز زندگی اور اکیسویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ جدید شاعری اور نثر کے ساتھ ساتھ تحقیق کے رنگ بھی نظر آئیں گے۔ وزیراعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے علاقائی زبانوں میں شاعری، نثر اور دیگر فنون سے وابستہ فنکاروں اداکاروں اور آرٹسٹوں کی بھرپور انداز سے سرپرستی کرے گی تاکہ ہماری علاقائی زبانیں آئندہ نسلوں کے لئے یوں ہی محفوظ رہیں