مسلم لیگ ن کے اہم رہنماءکا صدر عارف علوی کو کرارا جواب
پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما طلال چوہدری نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر مملکت کے کہنے پر الیکشن ہو سکتا ہے نہ ہو گا۔صدر عارف علوی کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے بعد ایک انٹرویو میں طلال چوہدری نے کہاکہ صدر مملکت عمران خان کے صدر نہ بنیں ملک کے صدر بنیں، آئین کے مطابق الیکشن کی تاریخ دینا صدر کا کام نہیں، عارف علوی نے صدر کے دفتر کو مذاق بنا لیا ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو وہ الیکشن چا ہیے جو پاکستان کی ضرورت پوری کرے، جس طرح سے صدر نے کیا ہے، اس طرح سے الیکشن نہیں ہو سکتا، قانون میں الیکشن کا طریقہ کار موجود ہے۔رہنما مسلم لیگ (ن )نے کہا کہ الیکشن کو متنازع بنانے کے لیے صدر مملکت نے اپنا منصب استعمال کرنا شروع کر دیا ہے، الیکشن کی تاریخ دینے کے صدر کے فیصلے کی کوئی حیثیت نہیں ہے، صدر کے کہنے پر الیکشن ہو گا نہ ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کی تیاری شروع کر چکے، مریم نواز ہر ضلع میں
جا رہی ہیں، جلسے اور کنونشن کر رہی ہیں، ہم مارشل لاءسے نہیں ڈرے الیکشن سے کیا ڈریں گے لیکن خان صاحب چاہتے ہیں ان کی خواہش کے مطابق الیکشن ہوں اور اسمبلیاں چلیں۔طلال چوہدری نے کہاکہ پی ٹی آئی اور صدر عارف علوی نے الیکشن کو متنازع بنانے کے لیے پہلا قدم اٹھا لیا ہے لیکن الیکشن کمیشن اپنی ذمے داریاں پوری کرے گا۔یاد رہے کہ صدر عارف علوی نے آئین کے سیکشن 57 اے کے تحت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 9 اپریل کو انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔