پاکستان کی معیشت طویل لاک ڈاؤن برداشت نہیں کر سکتی ،شاہ محمود قریشی
اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت طویل لاک ڈاؤن برداشت نہیں کر سکتی ، طویل لاک ڈاؤن سے ملک میں غربت کی سطح میں اضافہ ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا پارلیمانی کمیٹی بھرپور انداز میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، کمیٹی کو طویل دورانیہ پالیسیوں کیلئے تجاویز پیش کرنا چاہیے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن پرصوبوں کے تجربات سے آٓئندہ کی پالیسی مرتب کرناہوگی ، صحت اور معیشت کے درمیان توازن پیدا کرنا ہوگا ، پاکستان کی معیشت طویل لاک ڈاؤن برداشت نہیں کر سکتی ، طویل لاک ڈاؤن سے ملک میں غربت کی سطح میں اضافہ ہوگا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اللہ کا شکرہے پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی شرح کم ہے ، صعنت کار، تاجر برداروی لاک ڈاؤن سے تیزی سے متاثر ہو رہے ہیں ، غریب طبقہ لاک ڈاؤن سے شدید متاثر ہو رہا ہے ، ڈاکٹرز کو حفاظتی کٹس کے حوالے سے پالیسی کا ازسر نو جائزہ لیا جائے ، لاک ڈاؤن سے بچوں کی دماغی صحت، تعلیم کا نقصان ہو رہا ہے۔ رمضان کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ ماہ رمضان میں سماجی فاصلوں کا خصوصی خیال کرنا ہوگا، دینی فرائض کیساتھ صحت، بیماری کا پھیلاؤ روکنے کیلئے خود اقدامات کرنا ہوں گے، حکومت محدود وسائل میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔