عثمان کاکڑ تمام مظلوم عوام کے ترجمان تھے ،جمال شاہ کاکڑ
پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر وسابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے اپنے جاری کردہ بیان میں شہید عثمان خان کاکڑ کو ان کی پہلی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ عثمان کاکڑ تمام مظلوم عوام کے ترجمان تھے ،شہید عثمان کاکڑ اپنی پوری زندگی جمہوریت کی مضبوطی ،بالادستی کیلئے جدوجہد کرتے رہے شہید نے ایسا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیںدیا جہاں انہوں نے مظلوم ومحکوم عوام کی آواز بن کر ان کے مسائل نہ اجاگر کئے ہوں ،مظلوم ومحکوم اقوام کی ترجمانی کرتے ہوئے انہوں نے جام شہادت نوش کی ان کی شہادت سے پیدا ہونے والی خلاء مدتوں تک پر نہیں کی جاسکے گی انہوں نے کہاکہ عثمان کاکڑ نے بہادری کے ساتھ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے نہ صرف عام زندگی میں آواز بلند کی بلکہ پارلیمنٹ کا حصہ رہ کر جو جدوجہد انہوں نے کی وہ جمہوریت کیلئے مشعل راہ ہے ہمیں جمہوریت کی مضبوطی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے کی گئی جدوجہد کو مشعل راہ بنانا ہوگا پاکستان جمہوریت کے بغیر نہیں چل سکتا شہید عثمان کاکڑ مظلوم اقوام پشتون ،بلوچ،سندھی ،سرائیکی ودیگر کی ایک توانا آواز تھے جس نے ہمیشہ ایک مضبوط آوازبلند کی ہے ۔ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ اورپسماندگان کو صبرجمیل عطاء فرمائے