ایران نے ایک بار پھر اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں کی بارش کردی، کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں
ایران نے ایک بار پھر اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں کی بارش کردی، کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں
ایران نے ایک بار پھر اسرائیل کے جنوبی شہر بیرشیبہ کو نشانہ بناتے ہوئے بیلسٹک میزائلوں کی بارش کر دی، جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں، گاڑیاں جل گئیں، اور مائیکروسافٹ آفس کے قریب شدید آگ بھڑک اٹھی۔
اگرچہ جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم مالی نقصان کافی زیادہ رپورٹ ہوا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملہ جمعہ کی صبح کیا گیا۔ ایمرجنسی ادارے میگن ڈیوڈ ایڈم کے مطابق حملے کے فوری بعد فائر فائٹرز اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
گزشتہ روز بھی ایران کا ایک میزائل بیرشیبہ کے سوروکا اسپتال سے ٹکرایا تھا، جس کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ان کے دفاعی نظام میں ممکنہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے ایرانی میزائل انٹرسیپٹ نہیں کیے جا سکے۔
دوسری جانب، وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے اعلان کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ دو ہفتوں میں ایران اور اسرائیل کے مابین جاری تنازع میں امریکی کردار پر فیصلہ کریں گے۔
ترجمان کے مطابق صدر ٹرمپ کی اولین ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سفارتی حل ممکن ہوا تو صدر اس راستے کو اپنائیں گے، لیکن اگر طاقت کے استعمال کی نوبت آئی تو امریکہ پیچھے نہیں ہٹے گا۔