نیشنز ہاکی کپ: پاکستان نے فرانس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی
کوالالمپور (اسپورٹس ڈیسک) نیشنز ہاکی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں 2-3 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں جاری ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ پہلے کوارٹر میں دونوں جانب سے حملے ہوئے لیکن کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔
دوسرے کوارٹر میں فرانس نے 10ویں منٹ میں پہلا گول داغا، جبکہ تیسرے کوارٹر کے آغاز میں فرانسیسی ٹیم نے ایک اور گول کرکے پاکستان پر 0-2 کی برتری حاصل کر لی۔ تاہم پاکستان نے زبردست واپسی کرتے ہوئے 3 منٹ بعد رانا وحید اشرف کے ذریعے پہلا گول اسکور کیا۔ اسی کوارٹر میں سفیان مقیم نے پنالٹی پر شاندار گول کیا جبکہ رانا وحید نے اپنا دوسرا گول اسکور کرتے ہوئے پاکستان کو 2-3 کی برتری دلا دی۔
میچ کے اختتامی لمحات میں فرانس کے شارلٹ وکٹر نے گول داغ کر مقابلہ 3-3 سے برابر کر دیا، جس کے بعد فیصلہ کن مرحلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر جا پہنچا۔
پینلٹی شوٹ آؤٹ میں پاکستان کے گول کیپر منیب الرحمان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فرانسیسی کھلاڑیوں لیوک ووڈ وکٹر، ٹینیوز ایٹینی اور ایسمینجوڈ زیویئر کی کوششیں ناکام بنائیں۔ پاکستان کی جانب سے افراز، شاہد حنان اور رانا وحید نے گول اسکور کر کے ٹیم کو فائنل تک پہنچا دیا۔
دوسرے سیمی فائنل میں کوریا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، جس کے فاتح کا سامنا فائنل میں پاکستان سے ہوگا۔