میرٹ اور شفافیت کو فروغ دینا چاہتے ہیں،قدوس بزنجو
کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ پڑھے لکھے معاشرے کی تشکیل کے لئے اساتذہ کا کردار کلیدی ہے اساتذہ کے ہاتھوں میں ہمارے بچوں کا مستقبل ہے تعلیم اور اس کی اہمیت سے ہم سب آگاہ ہیں جن معاشروں میں علم حاصل کرنے کا جذبہ اور اساتذہ کی عزت و تکریم کی جاتی ہے وہ معاشرے علم و فنون کے میدان میں آگے بڑھتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سفر معلم کے عنوان سے منعقدہ وزیراعلیٰ بلوچستان تقسیم لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں صوبائی وزراءنصیب اللہ مری،سردار عبدالرحمن لالہ رشید بلوچ، کھیتران،سینیٹر عبد القادر اور سابق صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو بھی موجود تھے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم نے اپنے معاشرے میں اساتذہ کو وہ عزت اور احترام نہیں دیا جس کے وہ حقدار تھے ہم نے اپنے معاشرے میں اس اہم شعبے کے احترام اور عزت کو بڑھانا ہے انہوں نے کہا کہ ایسے تقاریب کا انعقاد کا مقصد اپنے اساتذہ اور نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرنی ہے اور انہیں بدلتی ہوئی دنیا اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اساتذہ کے لئے میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ہمیں صرف باتوں کی حد تک نہیں بلکہ عملی کام کرنا ہے جب سے ہم نے حکومت سنبھالی ہمیں ورثے میں احتجاج اور دھرنے ملے جن کا ہم نے بات چیت کے ذریعے موثر طور پر خاتمہ کیا اور تمام دھرنوں اور احتجاجوں کو ختم کرنے کا موثر حل بھی کسی متعلقہ فورم پر اپنی بات کرنا ہے انہوں نے کہا کہ میں اساتذہ سے کہتا ہوں احتجاج اور بھوک ہڑتالوں کی بجائے اپنی توجہ طلباءکو تعلیم کی فراہمی مرکوز رکھیں کیونکہ ہمارے اساتذہ کا وقت ہمارے بچوں کے لیے بہت قیمتی ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے گلوبل ٹیچرز ایجوکیشن پروجیکٹ بلوچستان کے 1493 اساتذہ کو مستقلی کے آرڈرز دیئے جب کہ اساتذہ کے دیگر مسائل جن میں ٹائم سکیل اور جی وی ٹی ٹیچرز کی پرموشن شامل ہے ان پر بھی کام ہو رہا ہے ہم نے دور دراز کے علاقوں میں فرائض سرانجام دینے والے ملازمین کے لیے ہارڈ ایریا الا¶نس کا اعلان بھی کیا ہے وزیر اعلی نے کہا کہ ہم نے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا پروگرام دوبارہ سے شروع کیا ہے تاکہ ہم اپنے بچوں اور اساتذہ کو جدید اور ڈیجیٹل انداز سے بھی تعلیم دے سکیں انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے کا رقبہ زیادہ ہے اور آبادی کم ہے ہمارے صوبے کا موازنہ دیگر صوبوں سے کرنا درست نہیں ہوگا وہاں رقبہ کم اور آبادی زیادہ ہے اور وسائل کی تقسیم آبادی کے تناسب سے ہوتی ہے ہمارے سالانہ بجٹ کا 90 فیصد حصہ تنخواہوں میں چلا جاتا ہے اور ترقیاتی بجٹ کے لیے فنڈز کم ہوتے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم میرٹ اور شفافیت کو فروغ دینا چاہتے ہیں بلوچستان پبلک سروس کمیشن ایک ایسا ادارہ ہے جو میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کام کرتا ہے انہوں نے کہا کہ میں یہاں یہ اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں ممبران اور چیئرمین کی تعیناتی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی اور چیئرمین کے انتخاب کے لیے موزوں ترین امیدوار کا انتخاب اسکی سی وی کی سکروٹنی کے بعد ہی کیا جائے گا تاکہ ہمارے بچوں کا اعتماد پبلک سروس کمیشن جیسے بااعتماد ادارے پر قائم رہے اور وہ کبھی اپنے مستقبل کے حوالے سے ناامیدی کا شکار نہ ہو وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم صوبے میں تعلیم کی فراہمی کے لئے مختلف اضلاع میں کیڈٹ کالج بنا رہے ہیں جن سے باصلاحیت اور ہونہار طلباءسامنے آ رہے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ضروری ہے ہم اپنے معاشرے میں اساتذہ کو وہی عزت دیں جس کے وہ لائق ہے اور اساتذہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے فرائض اور علم کی بہتر فراہمی کو اولین ترجیح دیں۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ سے اساتذہ کی ہونے والے انٹریکٹیو سیشن میں اسکولوں میں اساتذہ کی کمی، اساتذہ اور بچوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کرنے، جے وی ٹی اساتذہ کی اپ گریڈیشن دیگر متعلقہ سوالات کئیے وزیر اعلیٰ سے پنجگور میں اسکول کے بچوں کے لئے بس کی عدم فراہمی کے باعث بچوں کے اسکول کے مقررہ اوقات کار میں بروقت نہ پہنچنے پر وزیر اعلیٰ نے پنجگور کے سکول کے لیے فوری طور پر بس کی فراہمی کا اعلان کیا جبکہ جے وی ٹی اساتذہ کی پروموشن کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسے جلد حل کیا جائے گا اور اسکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کی جائے گا بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے اساتذہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے اس موقع پر اساتذہ کے لیے عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا