جنرل باجوہ نے جمہوری اداروں کا ساتھ دیا، اسے کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے،فواد چوہدری

0 217

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور موجودہ فوجی سیٹ اپ نے جمہوری اداروں کا ساتھ دیا ہے تاہم اس حمایت کو نادانی میں کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے۔اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سلسلہ وار ٹوئٹس میں خصوصی عدالت کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ معاملہ پرویز مشرف کی ذات کا نہیں بلکہ ایک خاص حکمت عملی کے ساتھ پاک فوج کو ٹارگٹ کیا گیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ پہلے لبیک دھرنا کیس میں فوج اور آئی ایس آئی کو ملوث کیا گیا، پھر آرمی چیف کے عہدے میں توسیع کو متنازع بنایا گیا۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اب فوج کے ایک مقبول سابق سربراہ کو بے عزت کیا گیا۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ واقعات کا تسلسل عدالتی اور قانونی معاملہ نہیں رہا بلکہ اس سے بڑھ کر ہے، اگر ملک میں فوج کے ادارے کو تقسیم یا کمزور کر دیا گیا تو پھر انارکی سے نہیں بچا جاسکتا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ جسٹس آصف کھوسہ کا مجھے بہت احترام ہے، انھوں نے وضاحت کی کہ مشرف کیس کے فیصلے سے وہ لاتعلق تھے تاہم انھوں نے میڈیا سے گفتگو کی تردید نہیں کی۔ فواد چوہدری نے کہاکہ تمام میڈیا نے یہ بیان ان سے منسوب کیا کہ مشرف کیس کو انجام تک پہنچانے کا کریڈٹ چیف جسٹس نے لیا۔ انہوںنے کہاکہ اگر ایسا نہیں تھا اسکا نوٹس لیاجانا چاہئے تھا،فیصلے سے ایک ہفتہ قبل انھوں نے کمانڈو سٹائل میں ہاتھ اٹھا کر کہا کہ سابق آرمی چیف کے کیس کا فیصلہ آنیوالا ہے۔فواد چوہدری نے کہاکہ اس سے پہلے اپنی تقریر میں کرامویل کی مثال بھی جج صاحب نے ہی دی ۔فواد چوہدری نے کہاکہ ان واقعات سے لگتا نہیں کہ وہ اتنے بے خبر اور لاتعلق تھے، جتنی لا تعلقی وہ اب ظاہر کر رہے ہیں۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.