پاکستان کی جرمنی میں حملوں کی سخت مذمت
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان نے جرمنی میں حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان جرمنی کے ساتھ کھڑا ہے ،نفرت پر مبنی جرائم کی وجوھات کو بھی ختم کرنا ہوگا۔ ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ جرمنی میں حملوں کی سخت مذمت کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہناؤ جرمنی میں گھناؤنے حملوں سے کئی معصوم اپنی جان سے گئے ہیں ، بہت سے زخمی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان جرمنی کے ساتھ کھڑا ہے، اس حملے میں ترک شہریوں کی جانیں جانے پر ترکی کے ساتھ بھی تعزیت کرتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کو دنیا کے کئی حصوں میں اسلاموفوبیا، زینوفوبیا اور نسلی نفرت کی بڑھتی ہوئی لہر پر تشویش ہے۔ ترجمان نے کہاکہ ان حملوں سے واضح ہوتا ہے کہ متشدد انتہا پسندی کی کوئی نسل، علاقہ یا قومیت نہیں۔ترجمان نے کہاکہ نفرت کی آئیڈیالوجی کو ختم کرنے کے لئے مل کر کوششوں کی ضرورت کا اعادہ کرتے ہیں ۔ ترجمان دفتر نے کہاکہ نفرت پر مبنی جرائم کی وجوھات کو بھی ختم کرنا ہوگا، پاکستان اسلاموفوبیا کے انسداد کے لئے جرمنی اور دوسرے ہمخیال ممالک کے ساتھ شراکت داری کے لئے تیار ہے۔ ترجمان نے کہاکہ مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان یگانگت کو فروغ دینا ہوگا۔