اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلہ، 4 افراد جاں بحق
اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں اب تک 4 افراد کے جاں بحق ہونے اور 100 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔البتہ خیبر پختونخوا ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے صوبہ کے پی میں 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 180 کلو میٹر زیر زمین تھی اور اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجکر 47 منٹ پر آیا، زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا خطہ تھا۔
زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، بھارت، قازقستان، تاجکستان ، ازبکستان، چین، افغانستان کرغزستان میں بھی محسوس کیے گئے۔
پشاور، کوہاٹ، صوابی میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے لاہور ، کوئٹہ راولپنڈی میں محسوس کیے گئے۔
اس کے علاوہ بہاول پور ،لودھراں، ڈی جی خان، میانوالی، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پارا چنار، کرک میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
لکی مروت، مردان ، باجوڑ، نوشہرہ اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اسکردو اور چلاس میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ خوفزدہ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھرو ں سے باہر آ گئے۔
شدید زلزلے کے باعث مختلف شہروں میں دیواریں گرنے اور بھگدڑ کے واقعات پیش آئے ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق لوئر دیر کے علاقے ڈھیری میں زلزلے سے مکان کی دیوار گرگئی جس میں دب کرخاتون جاں بحق ہوگئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق لوئردیر میں بھگڈر مچنے سے ایک شخص بھی جاں بحق ہوا جبکہ مختلف حادثات میں 43 افراد زخمی ہوئے۔
[…] چلاس، بابوسرمیں سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ ،14 افراد زخمی […]