ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کی حتمی ٹیم کا اعلان ،3تبدیلیاں کر دی گئیں

0 149

لاہورپاکستان کر کٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے 15رکنی حتمی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔جنید خان،فہیم اشرف اور عابد علی کی جگہ قومی ٹیم میں محمد عامر، آصف علی اور وہاب ریاض کی واپسی ہوئی ہے۔لاہورمیں پریس کانفرنس کے دوران چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپکیلئے 15رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ قومی ٹیم میں محمد عامر، آصف علی اور وہاب ریاض کی واپسی ہوئی ہے جب کہ لیگ اسپنر شاداب خان پہلے سے ورلڈ کپ اسکواڈ پلان کا حصہ ہیں۔لیگ اسپنر شاداب خان کو ورلڈ کپ کے اعلان کردہ ابتدائی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا تاہم ہیپاٹائٹس کی تشخیص ہونے کی وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز نہیں کھیل سکے، ان کی جگہ یاسر شاہ نے پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ورلڈ کپ اسکواڈ میں سرفرازاحمد، فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، حارث سہیل، بابراعظم، آصف علی،شعیب ملک، حسن علی، عماد وسیم، محمد عامر، شاداب خان، وہاب ریاض، شاہین آفریدی اور محمد حسنین شامل ہیں۔انضمام الحق نے کہا کہ محمد عامر کا نام پہلے اعلان کردہ ٹیم میں نہیں تھا تاہم وہ سینئر بولر ہیں اور انہیں انگلینڈ میں کھیلنے کا وسیع تجربہ ہے، ان کا اکانومی ریٹ اچھا ہے۔چیف سلیکٹر نے وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کرنے سے متعلق سوال پر کہا کہ وہاب ریاض کو انگلینڈ میں گیند کرنے کا بہت تجربہ ہے، انہیں شامل کر نے کا مقصد یہ ہے کہ وہ ریورس سوئنگ اچھی کرتے ہیں، ہمیں لگا کہ ٹیم کو وہاب ریاض کی ضرورت ہے۔انضمام الحق نے کہا کہ محمد عامر اور وہاب ریاض کی شکل میں تجربے کا اضافہ ہوگا۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ عابد علی کو باہر کرنا اتنا آسان نہیں تھا، آصف علی کو پاور ہٹنگ کی وجہ سے عابد علی پر فوقیت دی گئی ہے۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ آصف علی نے انگلینڈ میں اچھی بیٹنگ کی اور انگلینڈ کی پچز اور کنڈیشن جو نظر آرہی اس میں چھٹے یا ساتویں نمبر پر ایسا کھلاڑی ضرور ہونا چاہیے جو رنز کرسکے۔انضمام الحق نے کہا کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، عابد علی اور فہیم اشرف انگلینڈ میں ہی رہیں گے جنہیں بیک اپ کے طور پر انگلینڈ میں رکھا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ محمد عامر اور وہاب ریاض کو تجربے کی وجہ سے منتخب کیا گیا ہے۔ شاداب خان 100فیصد فٹ ہوگئے، تبدیلیاں ٹیم کی ضرورت کو پیش نظر کیں، جسکے لئے کپتان اور کوچ سے مشاورت بھی کی، محمد حفیظ اور حارث سہیل تیسرے اوپنر ہوسکتے ہیں۔9میچ ہارے لیکن ٹیم فائیٹ کرتی نظر آئی، آسٹریلیا کیخلاف سیریز آزمائشی اور کئی اہم کھلاڑی نہیں کھیل رہے تھے، وہاب ریاض کے بارے میں یو ٹرن نہیں لیا، انگلش کنڈیشنز میں ان کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے فیصلہ کیا، بیٹنگ کے بارے میں کوئی پریشانی نہیں، شعیب ملک اور محمد حفیظ کی صلاحیتوں پر بھروسہ ہے ۔ورلڈ کپ سے پہلے پاکستانی ٹیم نے 24اور 26مئی کو 2 وارم اپ میچز کھیلنا ہے، 31مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرینٹ برج میں شیڈول میچ سے پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.