پاکستان کے پرامن اور ذمہ دار عسکری رویے کا نیویارک ٹائمز نے اعتراف کر لیا
ویب ڈیسک: پاکستان نے ایک بار پھر خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی مخلصانہ کوششوں کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر پاکستان نے نہ صرف امن کی خواہش ظاہر کی بلکہ اپنی مسلح افواج کے ذریعے بھارت کو مذاکرات کا پیغام بھی دیا۔
سلمان مسعود کی رپورٹ کے مطابق 7 مئی کو بھارت کی جانب سے کیے گئے یکطرفہ میزائل حملے کے بعد پاکستان نے اشتعال انگیزی کا جواب تحمل سے دیا اور دفاعی حدود میں رہتے ہوئے محدود کارروائیاں کیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان ایئر فورس نے مؤثر ردعمل میں بھارت کے چھ جنگی طیارے تباہ کیے۔
پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ دونوں ممالک کے سینئر عسکری حکام کے درمیان رابطہ برقرار ہے اور ایک مؤثر کمیونیکیشن میکانزم فعال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نور خان ایئربیس سمیت چند مقامات کو نشانہ بنایا گیا، تاہم پاکستان کی فضائی صلاحیت مکمل طور پر فعال اور محفوظ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر پاکستان کے جانی و مالی نقصانات کے حوالے سے شفافیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا بھارت بھی اسی سطح کی دیانتداری دکھا رہا ہے؟
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے سیزفائر کا احترام کر کے ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت دیا، لیکن بھارت کی طرف سے اشتعال انگیز اقدامات کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔