اسرائیل کا ایران پر بڑا حملہ: اصفہان کی نیوکلیئر سائٹ نشانہ، قدس فورس کا سربراہ ہلاک

0 58

اسرائیل کا ایران پر بڑا حملہ: اصفہان کی نیوکلیئر سائٹ نشانہ، قدس فورس کا سربراہ ہلاک

تہران/یروشلم: اسرائیل نے ایران کے شہر اصفہان میں واقع ایک اہم نیوکلیئر سائٹ پر حملہ کیا ہے، جب کہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ سعید یزد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملے کا ہدف اصفہان میں واقع جوہری تنصیبات تھیں، تاہم صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں نہ کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی کسی خطرناک جوہری مواد کا اخراج ہوا۔

نائب گورنر اصفہان نے بتایا کہ حملے لنجان، مبارکہ، شہریزہ اور اصفہان کے علاقوں میں کیے گئے، جب کہ اصفہان کی نیوکلیئر سائٹ بھی ان کا نشانہ بنی۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ جوہری مواد کو مکمل طور پر محفوظ رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب، عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے اسرائیلی وزیر دفاع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی افواج نے ایران میں ایک اپارٹمنٹ پر حملہ کیا، جس میں مبینہ طور پر قدس فورس کے سربراہ سعید یزد مارے گئے۔

ابھی تک ایرانی حکومت یا فوج نے سعید یزد کی ہلاکت کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے جوہری مواد کی حفاظت کے پیش نظر اسے دوسرے مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔ امریکی دفاعی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف وار (ISW) اور کریٹیکل تھریٹس پروجیکٹ (CTP) کے مطابق ایرانی کمانڈر نے اعتراف کیا ہے کہ حساس مواد کو حملے سے بچانے کے لیے پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ “ایرانی حکمت عملی یہ ظاہر کر رہی ہے کہ ایران، اسرائیلی حملوں کو روکنے کے لیے ایک سفارتی راستہ اپنانے پر بھی غور کر رہا ہے، اور جوہری مواد کی منتقلی اسی عمل کا حصہ ہے۔”

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان یہ کشیدگی خطے میں بڑے پیمانے پر جنگ چھیڑ سکتی ہے، اور دونوں فریق اب ایک خطرناک موڑ پر کھڑے ہیں۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.