وزیراعظم 27 ستمبر کو جنر ل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے
اسلام آبا: وزیراعظم عمران خان نیویارک میں27 ستمبرکواقوام متحدہ کی جنر ل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں وہ جموں وکشمیر کے مسئلے اورمقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی حالیہ خلاف ورزیوں سے متعلق پاکستان کانقطہ نظر پیش کریں گے۔وزیراعظم ایک ہفتے کے دورے کے دوران مختلف فورمز پراپنی مصروفیات میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال سمیت مختلف اہم امور پرپاکستان کاموقف بھی اجاگر کریں گے۔وزیراعظم مختلف ممالک سے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے اور ماحولیاتی تبدیلی’ پائیدار ترقی’ عالمی سطح پر صحت کی سہولتوں کی فراہمی اور ترقی کیلئے مالی امدادسمیت اقوام متحدہ کے اعلی سطح اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔وزیراعظم نفرت انگیز تقاریر کے سدباب’ ماحولیاتی تحفظ اور غربت کے خاتمے کے بارے میں پاکستان اور ترکی کے زیراہتمام اعلی سطح کی تقریبات میں شرکت اور خطاب کریں گے جن کی ملائیشیا اور پاکستان مشترکہ میزبانی کریں گے۔جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پرپاکستان، ملائیشیا اور ترکی کا سہ فریقی سربراہ اجلاس بھی ہوگا۔وزیراعظم اپنی مختلف مصروفیات کے علاوہ عالمی میڈیا کے مختلف چینلز اوران کے ایڈیٹرز سے گفتگو کریں گے۔مختلف نمایاں عالمی تھنک ٹینکس سے خطاب اورانسانی حقوق کی اہم بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان کے ساتھ ملاقاتیں بھی وزیراعظم عمران خان کے دورے میں شامل ہیں۔وزیراعظم کے دورے سے اقوام متحدہ کے منشور،بین الاقوامی قانون اورکثیرجہتی شراکت داری کے اصولوں کی پاسداری سے متعلق پاکستان کے عزم کومزیدتقویت ملے گی۔