مردان تعلیمی بورڈ کی شاندار فتح! ایک گولڈ اور دو سلور میڈلز جیت لیے

0 62

مردان(نمائندہ نورین ناز)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق مردان تعلیمی بورڈ نے وفاقی حکومت کی جانب سے منعقدہ آل پاکستان گرلز سپورٹس کارنیول 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گولڈ میڈل اور دو سلور میڈلز اپنے نام کیے۔تین روزہ میگا سپورٹس ایونٹ کا انعقاد وفاقی حکومت کے زیر اہتمام پاکستان سپورٹس بورڈ اسلام آباد میں 18 سے 20 اکتوبر تک کیا گیا، جس میں ملک بھر سے 4000 سے زائد خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔مردان تعلیمی بورڈ کی والی بال ٹیم نے نیشنل سطح پر بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 3-0 کی فتح کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا۔ اسی طرح، مردان تعلیمی بورڈ کی فٹ بال اور باسکٹ بال ٹیموں نے زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کی اور پورے پاکستان میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے دو سلور میڈلز اپنے نام کیے۔چیئرمین مردان تعلیمی بورڈ پروفیسر جہانزیب خان نے اس شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ فتوحات مردان بورڈ کی تعلیمی اور کھیلوں میں متوازن ترقی کی پالیسی کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان میں طلبات کی اس کامیابی نے نہ صرف بورڈ بلکہ پورے صوبے کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔پروفیسر جہانزیب خان نے مزید کہا کہ ان کا ویژن تعلیمی شعبے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.